
فلسطینی صدر محمود عباس کے دورہ روس کا امکان۔
دونوں فریق نے روزانہ رابطے برقرار رکھے ہوئے ہیں۔سفیر کی سرکاری ٹیلی ویژن سے گفتگو
غزہ(انٹرنیشنل ڈیسک)گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کے مطابق فلسطین کے صدر محمود عباس کے دورہ روس کی توقع کی جا رہی ہے جو کہ موجودہ حالات کے تناظر میں خصوصی اہمیت کا حامل ہوگا۔گلوبل ٹائمز میڈیا نے سفیر عبدل حفیظ نوفل کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ “ہم روس کی طرف سے کریملن کے ایک سرکاری بیان کا انتظار کر رہے ہیں، معاہدہ طے ہوگیا ہے کہ فلسطین کے صدر ماسکو آئیں گے یہ دورہ کب ہوگا اسکے بارے میں ابھی کوئی حتمی اعلان نہیں کیا گیا۔سفیر نے سرکاری ٹیلی ویژن کو بتایا کہ دونوں فریق نے روزانہ رابطے برقرار رکھے ہوئے ہیں ۔ اسرائیل نے ملیشیا گروپ حماس کے حملے کے بعد غزہ کی پٹی کی مکمل ناکہ بندی کردی جس میں مظلوم فلسطینی عوام کو شہید کیا جا رہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ روس کے عرب ممالک، ایران اور حماس کے ساتھ ساتھ اسرائیل کے ساتھ تعلقات ہیں، دونوں فریقوں کے خلاف تشدد کی مذمت کی اور امریکہ پر ایک آزاد فلسطینی ریاست کی ضرورت کو نظر انداز کرنے کا الزام لگایا۔روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے آخری بار محمود عباس سے ایک سال قبل قازقستان میں علاقائی کانفرنس کے موقع پر ملاقات کی تھی۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق محمود عباس نے آخری بار دو سال قبل روس کا دورہ کیا تھا۔



