اہم خبریںپاکستان

فلسطینیوں کے تحفظ کیلئے عالمی فورس تعینات کی جائے، پاکستان کا مطالبہ

نیویارک: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے غزہ کی صورتحال دنیا پر آشکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل نہتے فلسطینیوں کا قتل عام کر رہا ہے۔ جنرل اسمبلی فلسطینیوں کے تحفظ کے لئے بین الاقوامی فورس تعینات کرے۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے اپنے دبنگ خطاب میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ناصرف پاکستانی قوم بلکہ پورے عالم اسلام کی نمائندگی کا حق ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیلی جنگی طیاروں کے حملوں میں بچوں اور خواتین سمیت درجنوں فلسطینی شہید اور زخمی ہو چکے ہیں۔ اسرائیل نے مظلوم فلسطینیوں پر مظالم کی انتہا کر رکھی ہے۔ غزہ میں اشیائے خورونوش کی شدید قلت ہے۔ غزہ میں ہنگامی بنیادوں پرخوراک بھجوانے کا بندوبست کیا جائے۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ غزہ میں اسرائیلی بمباری ہر ایک شہادت کی ذمہ دار ہے۔ وقت آ گیا ہے کہ اسرائیل کو کہا جائے بس کرو۔ فلسطینیوں اور اسرائیل کے درمیان برابری کی کوشش غلط ہے، یہ ظالم اور مظلوم کے درمیان تنازع ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں غزہ اور مقبوضہ فلسطین کی ہر ممکن انسانی امداد کرنی چاہیے۔ اقوام متحدہ انسانی امداد پہنچانے کے لئے جامع پلان تیار کرے۔ جنرل اسمبلی فلسطینیوں کے تحفظ کے لئے بین الاقوامی فورس تعینات کرے، جو ممالک تیار ہیں ان کے سویلین آبزرورز کو فلسطین بھیجا جا سکتا ہے۔

شاہ محمود قریشی کا اپنے خطاب میں کہنا تھا کہ یہ تاریخی مرحلہ ہے، جو تاریخ میں یاد رکھا جائے گا۔ اسرائیل نے مقبوضہ فلسطین پر بربریت کی انتہا کر دی ہے۔ فلسطین میں بچوں اور عورتوں کو شہید کیا جا رہا ہے۔ غزہ کے ہر گھر میں شہادتیں ہو رہی ہیں۔ اسرائیل نے ابو حتاب خاندان کے 8 بچوں اور 2 خواتین کو شہید کر دیا۔

انہوں نے فلسطین کی ابتر صورتحال بارے دنیا کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ اب تک 50 ہزار سے زائد فلسطینی بے گھر ہو چکے ہیں، وہاں پینے کا صاف پانی تک فراہم نہیں ہے۔ غزہ تاریکی میں ڈوب چکا ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ غزہ میں واحد روشنی اسرائیلی دھماکوں کی ہے۔ اسرائیلی بمباری سے عمارتیں تباہ ہو چکی ہیں۔ ہم اسلامی ممالک کے نمائندے ان کے لئے بات کرنے آئے ہیں۔ سلامتی کونسل اپنی بنیادی ذمہ داری اور جارحیت روکنے کا مطالبہ کرنے میں ناکام ہو چکی ہے۔ اب جنرل اسمبلی اپنی ذمہ داری ادا کر رہی ہے، اسرائیلی بربریت کو روکنا ہماری پہلی ترجیح ہونی چاہیے۔

Mehr Asif

Chief Editor Contact :03315456655 03005441090

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

I am Watching You