عنوان: سندھ کی ماریہ بھوک سے مرگئی۔۔۔ !!

ٹائٹل: بیدار ھونے تک
عنوان: سندھ کی ماریہ بھوک سے مرگئی۔۔۔ !!
کالمکار: جاوید صدیقی
کراچی ایک ایسا شہر ھے جہاں پر مقامی لوگوں نے برسوں سے فلاحی ادارے قائم کئے ھوئے ھیں، دسترخوان ہوں یا طبی امداد یا راشن کی تقسیم لیکن افسوس آہ افسوس اس شہر کراچی میں پولیس اور رینجرز کی موجودگی میں مقامی لوگوں کو لوٹنے اور قتل کرنے کا سلسلہ تھم نہ سکا یہی نہیں بلکہ چوری اور ڈکیتیوں کا سلسلہ تا حال جاری ھے، شہر کراچی سے وابستہ بیرون ملک میں مقیم لوگ جب کراچی خدمت کیلئے آتے ھیں تو انہیں قتل کردیا جاتا ھے دوسری جانب اگر پاکستان بھر میں نگاہ دوڑائیں تو وہاں پر موجود صاحب حیثیت صاحب ثروت دولتمند چاہے وہ جاگیردار ھو وڈیرہ ھو خان ھو سیٹھ ھو قبیلہ کا سردار ھو پارلیمینٹیرین ھو وزیر ھو مشیر ھو بڑا تاجر ھو کوئی ایک بھی اپنے علاقے اپنے شہر اپنے قصبے اپنے صوبے میں خدمت انسانیت کرتا دکھائی نہیں دیتا بلکہ ان کی غنڈہ گردیاں بدمعاشیاں ظلم و بربریت کی نئی سے نئی داستانیں سننے اور دیکھنے کو ملتی ھیں، جمہوری ٹھیکیداروں کا عجیب تماشا لگا ھوا ھوتا ھے جو عام سیدھے سادھے عوام کو بیوقوف اور دھوکہ دیتے نظر آتے ھیں جھوٹ منافقت اور عیاری و مکاری کے تمام گر استعمال کرتے نظر آتے ھیں۔ یہاں میں ایک حقیقت عیاں کرتا ھوں جس کو پڑھ کر اللہ کا خوف اور رسولِ خدا ﷺ سے محبت کرنے والے یقیناً تڑپ کے رہ جائیں گے۔۔۔ معزز قارئین!! پہلے سنا تھا کہ لوگ بھوک سے نہیں مرتے لیکن اب مرتے ہیں، یہ سندھ کے شہر گھارو کا حالیہ دنوں کا واقع ھے۔ گھارو میں ایک چھوٹی طالبہ ماریہ ھے جو ہمارے ایک دوست کے محلہ دار کی سالی کی بیٹی ہے۔ بچی کا والد نشے کا عادی ہے اور بدین جیل میں بند ہے۔ دادی اسکول میں بچوں کی چیزیں بیچ کر اپنے پوتے پوتیوں کو پال رہی تھی۔ اسکول میں حالیہ جون جولائی کی چھٹیاں ہوئیں تو دادی کی آمدن بند ہونے سے گھر میں کھانے پینے کی بھی چھٹیاں ہوگئیں۔ فاقہ پڑگیا۔ گھر کی دہلیز پر بھوک رقصاں تھی۔ اچانک تمام رشتے داروں کو ہنستی کھیلتی تمام بچوں میں سمجھدار دو بار قرآن ناظرہ ختم کرنے والی ماریہ کے انتقال کی خبر ملی۔ سفید پوشی کی انتہا دیکھیں بچی کی وفات کی وجہ کو گھر والوں نے چھپائے رکھا لیکن ایک دو روز بعد دادی سے رہا نہ گیا اور "حقیقت” عیاں کردی۔ ماریہ کی دادی نے بتایا کہ "ماریہ نے تقریباً تین دنوں سے کچھ کھایا نہیں تھا” بھوک کی وجہ سے فوت ہوگئی۔ گھر میں دو لقمے کھانے کو میسر ہوتے تو ماریہ اپنے سے چھوٹے بہن بھائیوں کو بھوک سے بلبلاتا دیکھ کر انکو کھلا دیتی۔ اے صاحب مال و ثروت و اقتدار جب اللہ کا انصاف ہوگا اور تجھ سے اک حافظ قرآن کی بھوک کا کرب اور اس دردناک موت کا حساب ہوگا تو کیا جواب دیا جائے گا۔ خدا کی قسم میں ان سیاستدانوں اور صاحب اقتدار و اختیار اور مقتدر قوتوں سے شدید نفرت کرتا ھوں جن کے دل پتھر اور ایمان سے خالی ھیں، اور بد دعا کرتا ھوں کہ انہیں اور انکی نسلوں کو اللہ جگڑ لے تاکہ انہیں احساس ھو کہ اللہ واحد لاشریک ہی سب سے بڑی ذات ھے، اگر ھماری پولیس اور رینجرز ناکارہ نااہل ھے تو عوام کو خود فیصلہ کرنا ھوگا اور ان مجرموں کو سبق سیکھانا چاہئے تاکہ شہر کراچی جرائم و کرائم سے پاک ھوجائے جس طرح مجرم لحاظ نہیں رکھتے اسی قدر ان پر رحم کرنا جرم کو تقویت دینے کے مترادف ھوگا کیونکہ قرآن اپنی حفاظت کا حکم دیتا ھے۔ کراچی کے مقامی باشندے اپنی خاندانی روش اور روایات کو قائم رکھیں دل کھول کر صدقہ خیرات اور فلاحی امور کو جاری رکھیں بیشک اللہ نیکی کا بہترین اجر دیتا ھے۔




