
عمران خان کو کچھ ہوا تو پورا پاکستان ہل جائے گا۔چیئرمین پی ٹی آئی
حکومت شوکت خانم ہسپتال کے معالجین کو بانی پی ٹی آئی کا معائنہ کرنے کی اجازت دی جائے اور ان کے ذاتی معالج ڈاکٹر فیصل اور ڈاکٹر عاصم کو بھی ملاقات کا موقع فراہم کیا جائے۔بیرسٹر گوہر علی خان کی میڈیا سے گفتگو
اسلام آباد(نمائندہ نازش جبین)گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کے مطابق چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی ائی) بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی صحت اور جیل میں قیام سے متعلق صورتحال انتہائی سنگین ہے اور اگر انہیں کوئی نقصان پہنچا تو پورا ملک ہل جائے گا۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی ائی بیرسٹر گوہر علی خان نے حکومت پر زور دیا کہ شوکت خانم ہسپتال کے معالجین کو بانی پی ٹی آئی کا معائنہ کرنے کی اجازت دی جائے اور ان کے ذاتی معالج ڈاکٹر فیصل اور ڈاکٹر عاصم کو بھی ملاقات کا موقع فراہم کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ یہ محض سیاسی محاذ آرائی کا معاملہ نہیں بلکہ قومی سلامتی اور عوامی شعور کا مسئلہ ہے، الیکشن یا سیاسی معاملات کے حوالے سے حکومت سے کسی قسم کی کوئی بات چیت نہیں ہوئی اور یہ محض افواہیں ہیں، جن پر یقین نہ کیا جائے۔دوسری جانب پی ٹی آئی کے سینئر رہنما اور قانون دان ڈاکٹر بابر اعوان نے بھی بانی پارٹی کی صحت کے حوالے سے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ابتدائی اطلاعات میں کہا گیا کہ عمران خان کو معمولی مسئلے کے سبب رات کو پمز ہسپتال لایا گیا، لیکن حقیقت میں انہیں کسی بڑے مسئلے کی وجہ سے اسپتال منتقل کیا گیا۔ڈاکٹر بابر اعوان نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی پورے پاکستان کے عوام کے لیے ایک رہنما ہیں اور ان کی فوری رہائی اور مناسب طبی سہولتیں فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے، نواز شریف کی صحت کے حوالے سے خبریں دن رات چلائی جاتی تھیں، جس میں بتایا جاتا تھا کہ ان کی طبیعت ناساز ہے۔ان کا کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال دن بہ دن خطرناک ہوتی جا رہی ہے اور اگر بانی پی ٹی آئی کی صحت کے بارے میں شفاف رپورٹ منظر عام پر نہ لائی گئی تو نتائج مہلک ہو سکتے ہیں، اگر بانی پی ٹی آئی کو کوئی نقصان پہنچا تو موجودہ حکومت اسکی ذمہ دار ہوگی۔انہوں نے مزید کہا کہ پہلے عوام یہ پوچھ رہے تھے کہ گولی کیوں چلائی گئی، اور اب سوال یہ اٹھ رہا ہے کہ بیماری کیوں چھپائی گئی؟ بشریٰ بی بی جیسے دیگر رہنما بھی اسپتال نہیں لائے گئے، لیکن بانی پی ٹی آئی کی زندگی کی حفاظت اور صحت کی صورتحال پر پوری قوم کی توجہ مرکوز ہے۔



