
لاہور: وزیراعظم کی ہدایت پر پنجاب حکومت نے ماہ رمضان میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کیلئے آٹا، چینی، سبزیوں سمیت منتخب اشیا ضروریہ پر سبسڈی فراہم کرنے کیلئے خصوصی پیکج کی تیاری پر کام شروع کر دیا ہے۔
اس سلسلے میں رمضان پیکج کیلئے سفارشات تیار کرنے کیلئے قائم کمیٹی کا خصوصی اجلاس ہوا جس میں صوبائی وزیر صنعت میاں اسلم اقبال، چیف سیکرٹری پنجاب، محکمہ زراعت، صنعت اور لائیو سٹاک کے سیکرٹریز نے شرکت کی۔
اجلاس میں رمضان بازاروں میں اشیا کی رعایتی نرخوں پر فراہمی کیلئے مختلف تجاویز پر غور کرتے ہوئے صوبائی وزرا اور محکموں کے سیکرٹریز کو رمضان بازاروں کی مانیٹرنگ کے فرائض تفویض کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
اس موقع پر اجلاس سے خطاب میں میاں اسلم اقبال کا کہنا تھا کہ عام آدمی کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ رمضان پیکج کے لئے سفارشات کو جلد از جلد حتمی شکل دی جائے۔
صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ صوبے میں رمضان بازار شعبان کے آخری ہفتے میں فعال ہونگے۔ صارفین کو ریلیف کی فراہمی کیلئے رمضان بازاروں میں بہترین انتظامات کئے جائیں۔
چیف سیکرٹری پنجاب نے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے افسروں کو ہدایت کی کہ رمضان بازاروں کی مانیٹرنگ کیلئے جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لایا جائے جبکہ رمضان بازاروں میں کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کیلئے خصوصی اقدامات کئے جائیں۔
انہوں نے ہدایت کی کہ اشیا کے معیار، رسد اور قیمتوں کی نگرانی کیساتھ ساتھ صفائی اور دیگر انتظامات پر خصوصی توجہ دی جائے۔



