
صوبائی وزیر مال پنجاب ملک محمد انور کا ضلع جہلم کا دورہ۔
صوبائی وزیر مال پنجاب ملک محمد انور نے مشین محلہ نمبر 2 جہلم شہر اور تحصیل دینہ میں قائم سستے رمضان بازار کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے اسٹاک کی دستیابی اور اشیاء خوردونوش کے سٹالوں پر جاکر چیکنگ کے دوران آٹے، چینی، سبزی، پھل، دالیں، گوشت اور دیگر سٹال کا تفصیلی معائنہ کیا

اور اشیائے خوردونوش کی قیمتوں، معیار اور وزن کو چیک کیا۔ صوبائی وزیر نے اسٹالز پر اشیاء کے نرخنامے نمایاں مقام پر آویزاں کئے جانے، پنکھوں کی موجودگی، سیکورٹی، صفائی ستھرائی اور کورونا ایس او پیز کا بھی جائزہ لیا۔ ضلعی انتظامیہ جہلم کی جانب سے رمضان بازاروں میں بہترین سہولیات کی فراہمی پر سراہا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ اس رمضان پیکج کے تحت محکمہ زراعت اپنی فئیر پرائس شاپس کے ذریعے13 اشیائے خوردونوش 25 فیصد سبسڈی پر شہریوں کو فراہم کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 15 رمضان المبارک سے ایک صارف کو چینی کی فروخت ایک کلو سے بڑھا کر 2کلو کر دی جائے گی، رمضان بازاروں میں اشیاء خوردونوش کی قیمتیں اور کوالٹی بہت مناسب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رمضان بازاروں میں اشیاء خوردونوش کی کوالٹی اور قیمتوں کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے اور نہ صرف رمضان بازاروں کے اندر صارفین کو سہولیات فراہم کی گئی ہیں بلکہ ان کے قیام سے عام بازاروں میں بھی اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں اعتدال آیا ہے۔ صوبائی وزیر مال ملک محمد انور نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی نگرانی میں اشیاء خورونوش کی قیمتوں میں استحکام کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں اور اس ضمن میں تمام سٹیک ہولڈرز کے ساتھ رابطے میں ہیں۔
رپورٹ:راجہ فیصل کیانی بیورو چیف پنجاب



