شہداء کربلا کی قربانی باطل قوتوں کیخلاف ڈٹ جانے کا درس دیتی ہے:سید راشد حسین بخاری

شہداء کربلا کی قربانی باطل قوتوں کیخلاف ڈٹ جانے کا درس دیتی ہے:سید راشد حسین بخاری
واقعہ کربلا نے گمراہی کے سیاہ پردوں کو چاک کرتے ہوئے علم و عمل اور روشنی میں اضافہ کیا:گفتگو
حضرت امام حسینؓ اور اُن کے رفقاء نے امت مسلمہ کیلئے قربانی کا ایک عظیم سبق چھوڑا ہے:نائب صدر
نائب صدر مستقبل پاکستان سید راشد حسین بخاری کی پارٹی سنٹرل آفس ملاقات کیلئے آنے والے افراد سے گفتگو
نائب صدر مستقبل پاکستان سید راشد حسین بخاری نے کہا کہ شہداء کربلا کی قربانی باطل قوتوں کے خلاف کلمہ حق بلند کرنے کا درس دیتی ہے،فتنہ و فساد کے خلاف ڈٹ کر اعلیٰ انسانی اقدار کا فروغ ہی وہ مشن ہے جس کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرنا چاہیے،یہ وہ طرز عمل ہے جسے امام حسین ؓ کے حوالے سے تاریخ نے اسوہ شبیری کے نام سے موسوم کیا ہے،پوری قوم کو قربانی کے ساتھ ساتھ اپنے اندر صبر و برداشت اور ایک دوسرے سے ہمدردی اور ایثار کا جذبہ پیدا کرنا چاہیے،پاکستان میں سرگرم عمل خارجی قوتوں اور اندرونی سازشوں سے اپنے آپ کو محفوظ کرنے کی ضرورت ہے، حضرت امام حسینؓ اور ان کے عزیزوں نے پوری امت مسلمہ اور آنے والی نسلوں کے لئے قربانی کا ایک عظیم سبق چھوڑا ہے جو تاقیامت کسی طور بھی بھلایا نہیں جاسکتا۔ان خیالات کا اظہار پارٹی سنٹرل آفس میں ملاقات کے لیے آنے والے افراد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ واقعہ کربلا نے حیات انسانی کے ہر ہر پہلو کو متاثر کیا،جہالت و گمراہی کے سیاہ پردوں کو چاک کرتے ہوئے علم و عمل اور روشنی میں اضافہ کیا۔سید راشد حسین بخاری نے کہا کہ پاکستان جن حالات سے گزر رہا ہے ان سے نبرد آزما ہونے کے لیے امام عالی مقامؓ کے اسوہ شبیری پر چلنے کی طرف توجہ دیتے ہوئے اور اپنے ملک سے ہر نوع کی جہالت کے خاتمے کے لئے مل جل کر کام کرنے کے ساتھ فروعی اختلافات کو بھلا کر اسلام کی اعلیٰ تعلیمات کو اپنانا ہوگا۔



