شعبہ ویژول اسٹڈیز میں تزئین وآرائش شدہ ہال کا افتتاح

*شعبہ ویژول اسٹڈیز میں تزئین وآرائش شدہ ہال کا افتتاح*
*بہترین انفرا اسٹرکچر نہ صرف ادارے کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا آئینہ دار ہوتا ہے بلکہ یہ اس کے نظم و ضبط، معیار اور وژن کو بھی واضح کرتا ہے۔ ڈاکٹر خالد عراقی*
*جامعات کا بنیادی مقصد صرف تعلیم دینا نہیں بلکہ نئی معلومات پیدا کرنا اور مسائل کا حل تلاش کرنا ہے۔ عاطف حسین*
کراچی (رپورٹ: جاوید صدیقی) جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے کہا کہ بہترین انفرا اسٹرکچر نہ صرف ادارے کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا آئینہ دار ہوتا ہے بلکہ یہ اسکے نظم و ضبط، معیار اور وژن کو بھی واضح کرتا ہے۔ میری کوشش رہی ہے کہ ویژول اسٹڈیز کے انفرا اسٹرکچر کو بہتر سے بہتر بنایاجائے۔ جامعات میں ہونے والی تحقیق کو صنعتوں کے ذریعے عملی میدان میں لایا جاتا ہے۔ اگر جامعات کی تحقیق صنعتوں کی ضروریات کے مطابق ہو، تو دونوں اس سے مستفید ہوسکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شعبہ ویژول اسٹڈیز جامعہ کراچی میں تزئین وآرائش شدہ ہال کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اے کیو ایس شپنگ اینڈ لوجسٹکس کے چیئرمین عاطف حسین نے کہا کہ جامعات کا بنیادی مقصد صرف تعلیم دینا نہیں بلکہ نئی معلومات پیدا کرنا اور مسائل کا حل تلاش کرنا ہے۔ دنیا بھر میں جامعات (ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ) کے میدان میں نمایاں کردار ادا کر رہی ہیں، جو کہ موجودہ دور کے چیلنجز کا موثر حل تلاش کرنے میں معاون ثابت ہورہا ہے۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ پر توجہ دیں اور روایتی نوکری کی تلاش کے بجائے انٹر پرینیور شپ کو اپنائیں تاکہ نہ صرف خود کفیل بن سکیں بلکہ دوسروں کے لیے بھی روزگار کے مواقع پیدا کرنے کا ذریعہ بنیں۔ رئیس کلیہ فنون و سماجی علوم جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر ثمینہ سعید نے طلبہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری توقعات آپ سے بہت زیادہ ہیں کہ آپ اپنی علمی صلاحیتوں اور تخلیقی صلاحیتوں کے ذریعے نہ صرف اپنا مقام بنا ئیں گے بلکہ عالمی سطح پر ملک کا نام بھی روشن کریں گے۔ اس موقع پر آئس بریکر فاؤنڈیشن کے چیئر مین محمد علی اور شعبہ ویژول اسٹڈیز جامعہ کراچی کے انچارج شمعون حیدر نے بھی خطاب کیا۔



