خیبرپختون خواہ

سی پی ایم آر، پیراپلیجک سنٹر کے طلبہ نے نیشنل ریسرچ کوئز میں تینوں پوزیشنیں جیت کر تاریخ رقم کی

سی پی ایم آر، پیراپلیجک سنٹر کے طلبہ نے نیشنل ریسرچ کوئز میں تینوں پوزیشنیں جیت کر تاریخ رقم کی، چیف ایگزیکٹیو کی مبارکباد۔

فرینڈز آف پیراپلیجکس کی جانب سے نقد انعامات کا اعلان پاکستان میں ریہیبلیٹیشن سائنسز کا مستقبل شاندار ہے۔ڈاکٹر الیاس سید

پشاور(نمائندہ فاطمہ جعفر)گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کے مطابق کالج آف فزیکل میڈیسن اینڈ ریہیبلیٹیشن، پیراپلیجک سنٹر پشاور نے حیات آباد پشاور میں منعقدہ نیشنل ریسرچ کوئز میں تمام ٹاپ تھری پوزیشن جیت کر نیا ریکارڈ قائم کیا ہے۔ ذہنی آزمائش کا یہ قومی مقابلہ آر ایم آئی کے آڈیٹوریم میں برین سٹورم کوئز بیٹل کے عنوان سے ہوا جس میں خیبر میڈیکل یونیورسٹی، آئی پی ایم آر، آر ایم آئی، آر سی آر ایس، ایس ایچ ایس، آئی ایچ ایس اور پی ای ایف سمیت ملک بھر سے 27 ریہیبلیٹیشن ٹیچنگ انسٹی ٹیوٹس کی ٹیموں نے حصہ لیا جبکہ پیراپلیجک سنٹر پشاور کے کالج آف فزیکل میڈیسن اینڈ ریہیبلیٹیشن کے طلبہ و طالبات پر مشتمل تینوں ٹیموں نے مقابلہ میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے تمام ٹاپ تین پوزیشنیں حاصل کیں اور مجموعی مقابلہ اپنے نام کرتے ہوئے کیش پرائز بھی جیت لیا۔دریں اثناء پیراپلیجک سنٹر پشاور کے چیف ایگزیکٹیو ڈاکٹر سید محمد الیاس نے اس شاندار کارکردگی کو سراہا ہے اور کہا کہ یہ غیر معمولی کامیابی ہمارے طلبہ و طالبات کی مضبوط تحقیقی بنیاد، تجزیاتی صلاحیت اور علمی وابستگی کی عکاسی کرتی ہے۔ انہوں نے ریہیبلیٹیشن سائنسز میں طلبہ و طالبات کی بڑھتی ہوئی دلچسپی کو نیک شگون قرار دیتے ہوئے واضح کیا کہ حالیہ جیت نے ثابت کیا ہے کہ پاکستان میں ریہیبلیٹیشن سائنسز کا مستقبل نہایت شاندار ہے اور ہم آئندہ بھی ایسی مزید تاریخی کامیابیوں کی توقع رکھتے ہیں۔ افراد باہم معذوری کی فلاحی تنظیم فرینڈز آف پیراپلیجکس نے نیشنل ریسرچ کوئز کمپٹیشن کی ٹاپ تھری ٹیموں کیلئے نقد انعامات کا اعلان کیا ہے۔ تنظیم کے چئیرمین انجینئر ثناءاللہ خان اور جنرل سیکرٹری انجینئر محمد عرفان کے مطابق تین دسمبر کو پیراپلیجک سنٹر پشاور میں منعقدہ ورلڈ ڈس ایبلٹی ڈے کی شاندار تقریب میں ان تینوں ٹیموں کے طلبہ و طالبات کو نقد انعامات اور توسیفی اسناد دیئے جائیں گے جس میں صوبائی وزیر صحت میاں خلیق الرحمن مہمان خصوصی ہوں گے۔

Mehr Asif

Chief Editor Contact :03315456655 03005441090

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

I am Watching You