
راولپنڈی ٹریفک پولیس کے لفٹر سکواڈ کا گزشتہ ماہ نو پارکنگ اور غلط پارکنگ پر 15005افراد کو چالان
راولپنڈی( )سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی کے لفٹر سکواڈ نے گزشتہ ماہ نو پارکنگ ، غلط پارکنگ اور ڈبل پارکنگ کرنے پر گاڑیوں ،موٹر سائیکلوں کو چالان ٹکٹ جاری کیے ۔ تفصیلات کے مطابق چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی رائے مظہر اقبال کے احکامات پر عمل کرتے ہوئے انچارج لفٹر سکواڈ کمال احمد نے اپنی ٹیم کے ہمراہ راولپنڈی شہرکے مختلف مقامات خصوصاًمری روڈ، اڈیالہ روڈ، راجہ بازار، کمرشل مارکیٹ ،صدر کینٹ، سید پور روڈ، چکری روڈاور دیگر کمرشل مقامات پرکاروائی کرتے ہوئے نو پارکنگ، غلط پارکنگ،ڈبل پارکنگ اور ٹریفک کے بہاﺅ میں خلل کا باعث بننے والی گاڑیوں کے خلاف کاروائی کے دوران گزشتہ ماہ 15005چالان کیے ۔اس موقع پر چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی رائے مظہر اقبال کا کہنا تھا کہ شہری غلط پارکنگ اور نو پارکنگ زون میں گاڑی کھڑی کرنے سے گریز کریں کیونکہ اس اقدام سے دیگر روڈ یوزرز کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے غلط پارکنگ روڈ پر ٹریفک کی روانی کو متاثر کرنے کے ساتھ رش کا سبب بھی بنتی ہے جسکی وجہ سے ایمبولینس اور دیگر ایمرجنسی کی گاڑیاں رش میں پھنس جاتی ہیں جس کی وجہ سے مریضوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ٹریفک پولیس کے ایجوکیشن ونگ کو خصوصی ٹاسک دیا گیا ہے کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر شہریوں کوٹریفک قوانین اور پارکنگ سے متعلق آگاہی فراہم کریں۔انھوں نے شہریوںبھی اپیل کی ہے کہ محب وطن اور مہذب شہری بننے کا ثبوت دیتے ہوئے ٹریفک قوانین پر مکمل طور پر عملد رآمد کو یقینی بنائیں اور ٹریفک کی روانی کو بہتر طریقے سے رواں دوا ں رکھنے میں اپنا کردار ادا کریں۔
رپورٹ:افتخار خٹک راولپنڈی



