راولپنڈی (افتخار خٹک) علاقہ مجسٹریٹ ملک علی میران نے تھانہ پیرودھائی کے علاقہ میں جرگے

راولپنڈی (افتخار خٹک) علاقہ مجسٹریٹ ملک علی میران نے تھانہ پیرودھائی کے علاقہ میں جرگے کے حکم پر شادی شدہ خاتون قتل کیس میں گرفتار مزید 2 ملزمان کو 4 روزہ جسمانی ریمانڈ پر تھانہ پیرودھائی پولیس کی تحویل میں دے دیا ہے اور ہدایت کی ہے کہ 28 دسمبر کو ملزمان کو دوبارہ عدالت میں پیش کر کے تحقیقات میں ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا جائے امیر خان اور اجمل خان پر مشتمل دونوں ملزمان کو پولیس نے 15 دسمبر کو گرفتار کیا تھا جنہیں گزشتہ روز عدالت میں پیش کیا گیا پولیس نے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ ملزمان کو مدعی کی ضمنی بیانات کے تحت گرفتار کیا گیا ہے ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزمان اس وقوعہ میں ملوث پائے گئے ہیں جن سے وقوعہ میں استعمال ہونے والی گاڑیوں کی برآمدگی کے ساتھ دیگر ملزمان کی گرفتاری مطلوب ہے لہٰذا ملزمان کا 4 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا جائے عدالت نے استدعا منظور کرتے ہوئے ملزمان کو 28 دسمبر تک پولیس کی تحویل میں دے دیا یاد رہے کہ یاد رہے کہ رواں سال جرگے کے حکم پر جواں سال شادی شدہ خاتون سدرہ عرب کو قتل کر کے لاش خفیہ طور پر پیرودھائی قبرستان میں دفنا دی گئی تھی اس کیس میں مقتولہ کے والد، چچا، بھائی اور جرگہ سربراہ عصمت اللہ خان سمیت 12 ملزمان کو گرفتار کر رکھا ہے جن میں سے 10 ملزمان جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل میں قید ہیں ملزمان نے 16 اور 17 جولائی کی رات فوجی کالونی میں 19 سالہ سدرہ عرب کو گلا گھونٹ کر قتل کیا تھا اور مقتولہ کی قبر کے نشانات مٹائے دئیے تھے۔




