
راولپنڈی (افتخار خٹک)انسداد دہشت گردی راولپنڈی کی خصوصی عدالت نمبر1کے جج ملک اعجاز آصف نے سانحہ9مئی کے مقدمات میں نامزد تحریک انصاف کے سابق چیئرمین کی جانب سے اپنے صاحبزادوں سے ملاقات کے لئے دائر درخواست کی سماعت کسی کاروائی کے بغیر 5جولائی تک ملتوی کر دی ہے گزشتہ روز سماعت کے موقع پر درخواست گزار کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ انہیں تیاری کے لئے مہلت دی جائے جس پر عدالت نے استدعا منظور کرتے ہوئے سماعت کل (بروزجمعہ)تک ملتوی کر دی سابق چیئرمین نے عدالت میں دائر درخواست میں موقف اختیار کیا تھا کہ درخواست گزار سابق وزیر اعظم ہے جس کی کھیل، صحت، سیاست اور ملکی ترقی میں بہت خدمات ہیں درخواست میں کہا گیا کہ جیل انتظامیہ درخواست گزاراور اس کے بیٹوں کے درمیان ملاقات میں حائل ہے عدالت کی بار بار اجازت کے باوجود درخواست گزار کو انتہائی محدود وقت کے لئے واٹس ایپ استعمال کرنے کی اجازت دی جاتی ہے جیل مینول کے مطابق اسیران کو ہفتے میں ایک مرتبہ اجازت کی بجائے درخواست گزار کو جیل انتظامیہ کی جانب سے کوئی سہولت نہیں دی جاتی درخواست میں کہا گیا کہ عدالت جیل انتظامیہ کو حکم دے کہ وہ درخواست گزار کے بیٹوں قاسم خان اور سلیمان خان سے ملاقات کا انتظام کریں اور سہولت فراہم کریں حالانکہ عدالت نے پہلے بھی حکم دیا تھا کہ واٹس ایپ پر درخواست گزار کا اس کے بیٹوں سے رابطہ کروایا جائے لہٰذا عدالت سینٹرل جیل اڈیالہ کے سپرنٹنڈنٹ کو حکم دے کہ وہ درخواست گزار کی اس کے بیٹوں سے ملاقات کا فوری انتظام کرے اور درخواست گزار کو ہفتہ وارواٹس ایپ یا زوم کال کی اجازت دی جائے۔




