
باتسلیمات ضلعی آفیسر اطلاعات حکومت پنجاب، جہلم
جہلم : محکمہ بہبود آبادی کی ماہانہ کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے ڈسٹرکٹ ٹیکنیکل کمیٹی کا اجلاس چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر وسیم اقبال کی زیر صدارت منعقد ہوا۔
اس موقع پر ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفئیر آفیسر بابر ظہیر نے شرکاء کو محکمہ بہبود آبادی کی ماہانہ کارکردگی کا جائزہ پیش کیا، جس میں محکمہ بہبود آبادی کی جانب سے فراہم کی گئی خدمات، مانع حمل ادویات اور ماں بچے کی صحت اور خاندانی منصوبہ بندی بارے آگاہی مہم شامل ہیں۔ بابر ظہیر نے متعلقہ سرکاری اور نجی محکموں بالخصوص محکمہ صحت کے ساتھ تعاون کے فروغ کے لیے کئے گئے اقدامات کے بارے میں بھی بتایا کہ محکمہ بہبود آبادی جہلم کا عملہ صحت سے متعلق اقدامات خاص طور پر کووڈ ویکسین، پولیو ویکسین، انسداد خسرہ اور ڈینگی وائرس کے خاتمے کے لیے محکمہ صحت کے ساتھ دن رات کوشاں ہے جبکہ محکمہ تعلیم اور دیگر محکموں کے تعاون کو بھی سراہا۔ ڈاکٹر وسیم اقبال چیف ایگزیکٹو آفیسر محکمہ صحت جہلم نے محکمہ بہبود آبادی اور محکمہ صحت کے مثالی تعاون کو سراہا اور کہا کہ ضلع جہلم کی کارکردگی صوبہ پنجاب میں نمایاں مقام رکھتی ہے جس کی بنیادی وجہ محکموں میں مکمل تعاون اور ہم آہنگی ہے اور اس بات کا عہد کیا کہ ضلع جہلم میں عوام الناس کی بہتری اور بہتر خدمات کی فراہمی کے لیے یہ اشتراک اور تعاون کا سلسلہ جاری رہے گا۔



