جامعہ کراچی کی اراضی کے تحفظ کے لئے سنڈیکیٹ کا خصوصی اجلاس پیرکو طلب

*جامعہ کراچی کی اراضی کے تحفظ کے لئے سنڈیکیٹ کا خصوصی اجلاس پیرکو طلب*
کراچی (رپورٹ: جاوید صدیقی) جامعہ کراچی کی اراضی کے معاملات پر غور کے لئے سنڈیکیٹ کا ایک خصوصی اجلاس پیر 08 ستمبر 2025ء کو دوپہر ڈھائی بجے وائس چانسلر سیکریٹریٹ، جامعہ کراچی میں طلب کرلیاگیاہے جس کی صدارت شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی کریں گے۔
گزشتہ چند ماہ سے قبضہ مافیا کی جانب سے جامعہ کی زمین پر غیر قانونی سرگرمیوں میں اضافہ ہوا ہے۔ ان غیر قانونی کوششوں کے خلاف متعدد اقدامات کئے جا چکے ہیں، تاہم یہ سلسلہ اب بھی جاری ہے اور ادارے کی خودمختاری و ترقی کے لیے سنگین خطرات پیدا کر رہا ہے۔ اجلاس کے دوران زمین سے متعلق موجودہ صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا، قانونی اور انتظامی اقدامات پر حکمت عملی ترتیب دی جائے گی، مستقبل میں قبضے کی کسی بھی کوشش کو روکنے کے لیے جامع منصوبہ بندی کی جائے گی اور متعلقہ اداروں سے تعاون کے لیے عملی راہیں تلاش کی جائیں گی۔ اس اجلاس میں سنڈیکیٹ کے سینئر اراکین، قانونی مشیران اور مقامی انتظامیہ کے نمائندگان کو مدعو کیا گیا ہے تاکہ ان کے تجربات اور تجاویز کی روشنی میں مسئلے کا دیرپا حل تلاش کیا جا سکے۔ جامعہ کراچی اپنی زمین کے تحفظ اور اپنے تعلیمی مشن کی پاسداری کے لیے پُرعزم ہے۔ ہم تمام متعلقہ اداروں اور سماجی حلقوں سے اپیل کرتے ہیں کہ غیر قانونی قبضے کے خلاف متحد ہو کر آواز بلند کریں اور اس قومی اثاثے کے تحفظ میں ہمارا ساتھ دیں۔



