جامعہ کراچی میں وزڈم تھیراپی سینٹر کے زیرِاہتمام ’’ہم نشست‘‘ پروگرام کا انعقاد

*جامعہ کراچی میں وزڈم تھیراپی سینٹر کے زیرِاہتمام ’’ہم نشست‘‘ پروگرام کا انعقاد*
*اپنے مقصد سے وابستہ رہنا اور مستقل مزاجی اختیار کرنا کامیابی کی بنیاد ہے۔پروفیسرڈاکٹرسید شبیب الحسن*
کراچی (رپورٹ: جاوید صدیقی) شعبہ پبلک ایڈمنسٹریشن، جامعہ کراچی میں قائم وزڈم تھیراپی سینٹر کے زیرِ اہتمام گزشتہ روز ’’ہم نشست‘‘ کے پہلے پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ اس فکری نشست کا مقصد مقامی دانائی، عملی تجربات اور زندگی سے حاصل ہونے والی بصیرت کو نئی نسل تک منتقل کرنا تھا۔ پروگرام میں رسمی تقاریر کے بجائے فکری مکالمے، ذاتی مشاہدات اور تجربات کو مرکزی حیثیت دی گئی، جس سے شرکاء کو غور و فکر اور خود احتسابی کا بھرپور موقع ملا۔ پروگرام کے مہمانِ خصوصی جامعہ ہمدرد کے سابق وائس چانسلرو شعبہ پبلک ایڈمنسٹریشن جامعہ کراچی کے قائم مقام صدر پروفیسر ڈاکٹر سید شبیب الحسن نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خود شناسی کا سفر انسان کی زندگی میں نہایت اہم ہے۔ اگرچہ یہ سفر بچپن ہی سے شروع ہونا چاہیے، جس میں والدین اور اساتذہ کلیدی کردار ادا کرتے ہیں، تاہم زندگی کسی ایک مرحلے تک محدود نہیں۔ انسان کسی بھی عمر میں ہو، اسے یہ جاننا چاہیے کہ وہ کہاں کھڑا ہے اور اس کی زندگی کا مقصد کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کامیابی کسی ایک دن یا ایک مقام کا نام نہیں، بلکہ یہ ایک مسلسل سفر ہے۔ اپنے مقصد سے وابستہ رہنا اور مستقل مزاجی اختیار کرنا کامیابی کی بنیاد ہے۔ کامیابی کا اصل حسن اس وقت دوبالا ہوتا ہے جب انسان کے ساتھ ایسے لوگ موجود ہوں جن کے ساتھ وہ اپنی خوشی بانٹ سکے۔ شعبہ پبلک ایڈمنسٹریشن جامعہ کراچی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ یہ ادارہ ان کے لیے ایک منفرد حیثیت رکھتا ہے، جہاں انہیں ہر مرحلے پر بھرپور تعاون اور رہنمائی حاصل رہی۔ اساتذہ کے کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر سید شبیب الحسن نے کہا کہ تدریس انبیاء کرامؑ کا پیشہ ہے اور یہ ایک نہایت باوقار اور مقدس ذمہ داری ہے۔ اگر انہیں دوبارہ 1999 میں لوٹنے کا موقع دیا جائے تو وہ ایک مرتبہ پھر اسی شعبے کا انتخاب کریں گے۔ ان کے مطابق یہ محفل امید اور حوصلے کے ایسے چراغ روشن کر گئی ہے جو آنے والی نسل کے لیے مشعلِ راہ ثابت ہوں گے۔ پروگرام کے اختتام پر انہوں نے نئی نسل کو نصیحت کی کہ وہ اپنی روایات، اقدار اور بالخصوص اُردو زبان پر فخر کریں اور اسے اپنی شناخت کا حصہ بنائیں۔ شرکاء نے پروگرام کو نہایت بامقصد، فکری اور متاثر کن قرار دیا اور اس خواہش کا اظہار کیا کہ اس نوعیت کی نشستوں کا تسلسل برقرار رکھا جائے، تاکہ مقامی علمی اور اخلاقی سرمائے کو محفوظ کر کے آئندہ نسلوں تک منتقل کیا جاسکے۔ وزڈم تھیراپی سینٹر کے منتظمین کے مطابق ’’ہم نشست‘‘ جیسے پلیٹ فارمز معاشرے میں سنجیدہ مکالمے، فکری رہنمائی اور مثبت اقدار کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، اور مستقبل میں بھی اس نوعیت کی فکری نشستوں کا انعقاد تسلسل کے ساتھ جاری رکھا جائے گا۔




