
تہران:پاکستانی سرحد سے ملحقہ ایران کے علاقے سراوان میں 9 پاکستانی مزدوروں کو قتل کر دیا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق قتل ہونے والے 5 افراد کا تعلق پاکستان کے شہر علی پور اور اس گرد و نواح سے ہے، مقتول پاکستانی ایران میں مزدوری کرتے تھے جنہیں گھر میں داخل ہو کر قتل کر دیا گیا۔
پاکستانی شہریوں کی ہلاکت پر ایران میں تعینات پاکستانی سفیر مدثر ٹیپو نے کہا کہ ایران کے علاقے سراوان میں 9 پاکستانیوں کے ہولناک قتل پر گہرا صدمہ پہنچا ہے، سفارت خانہ سوگوار خاندانوں کو مکمل مدد فراہم کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ زاہدان میں پاکستانی قونصلر جنرل کے حکام جائے حادثہ اور ہسپتال کے لیے روانہ ہوچکے ہیں، ہم نے ایران سے اس معاملے میں مکمل تعاون فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔



