
امید ہے مزید لوگوں کا ضمیر جاگے گا، جوڈیشل انکوائری کرائی جائے۔حامد خان
کمشنر راولپنڈی نے بہت بڑا قدم اٹھایا ہے، انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔علی محمد خان
اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کے مطابق تحریک انصاف کے رہنما حامد خان نے کہا ہے کہ امید ہے مزید لوگوں کا ضمیر جاگے گا۔حامد خان کا کہنا تھاکہ ن ليگ کی وکٹری اسپیچ دیکھیں، ان کے چہرے بتارہے تھے کہ انہیں پتا ہے وہ شکست کھا چکے ہیں۔
انہوں نے امید کا اظہار کیا کہ مزید لوگوں کا ضمیر جاگے گا۔حامد خان نے مطالبہ کیا کہ حکومتی مشینری کا اہم آدمی دھاندلی کا اعتراف کررہا ہے، جوڈیشل انکوائری کرائی جائے۔پی ٹی آئی رہنما علی محمد خان کاکہناتھاکہ کمشنر راولپنڈی نے بہت بڑا قدم اٹھایا ہے، انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں، پی ٹی آئی کا مینڈیٹ چرایا گیا ، فارم 45 کچھ اور 47 کچھ اور کہانی سنارہے تھے۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن اپنی غلطی درست کرے پی ٹی آئی کو اس کا مینڈیٹ واپس دے، پی ٹی آئی کی 170 سے زیادہ سیٹیں بنتی ہیں۔ خیال رہےکہ کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ نے عام انتخابات میں بے ضابطگیوں کا اعتراف کرتے ہوئے مستعفی ہونے کا اعلان کیا ہے۔راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ کا کہنا تھا میں نے انتخابات کے دوران راولپنڈی ڈویژن میں نا انصافی کی، ہم نے ہارے ہوئے امیدواروں کو 50، 50 ہزار کی لیڈ میں تبدیل کر دیا، راولپنڈی ڈویژن کے 13 ایم این ایز ہارے ہوئے تھے، انہیں 70، 70ہزار کی لیڈدلوائی اور ملک کے ساتھ کھلواڑکیا۔انہوں نے الزام لگایا کہ الیکشن میں ہونے والی دھاندلی میں الیکشن کمیشن آف پاکستان، چیف الیکشن کمشنر اور چیف جسٹس پاکستان بھی ملوث ہیں، میرے ساتھ ان لوگوں کو بھی اپنے عہدوں سے مستعفی ہونا چاہیے۔لیاقت علی چٹھہ کا کہنا تھا راولپنڈی ڈویژن میں انتخابی دھاندلی کی ذمہ داری قبول کرتا ہوں اور اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کرتے ہوئے اپنے آپ کو پولیس کے حوالے کرتا ہوں، مجھے راولپنڈی کے کچہری چوک میں سزائے موت دی جائے۔



