امریکا نے بھارتی سفارت کاروں کو نکالنے کی تردید کردی۔

امریکا نے بھارتی سفارت کاروں کو نکالنے کی تردید کردی۔
امریکی حکومت نے کسی بھی بھارتی سفارت کار کو نکالنے کا فیصلہ نہیں کیا۔میتھیو ملر ترجمان امریکی محکمہ خارجہ
واشنگٹن(نمائندہ فضل خان)گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کے مطابق بائیڈن انتظامیہ نے کہا ہے کہ بھارت اور کینیڈا کے درمیان پائی جانے والی کشیدگی کا امریکا سے کوئی تعلق نہیں اور امریکا سے بھارتی سفارت کاروں کو نکالنے کی خبریں بے بنیاد ہیں۔امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے پریس بریفنگ میں کہا کہ امریکی حکومت نے کسی بھی بھارتی سفارت کار کو نکالنے کا فیصلہ نہیں کیا۔ اس حوالے سے پھیلائی جانے والی تمام خبریں بے بنیاد ہیں۔ بھارت اور کینیڈا کے درمیان سفارتی کشیدگی سے امریکا کوئی تعلق نہیں اور امریکی حکومت کینیڈا کے کسی بھی فیصلے پر اثر انداز بھی نہیں ہونا چاہتی۔ایک سوال کے جواب میں میتھیو ملر نے کہا کہ وکاس یادو کے معاملے میں امریکا کو امید ہے کہ بھارتی حکومت قانون اور انصاف کے تقاضے پورے کرے گی۔ وکاس یادو کو بھارت سے امریکا لانے کے بارے میں پوچھے جانے پر میتھیو ملر نے کہا کہ حوالگی کے معاملے میں کوئی بھی فیصلہ امریکی محکمہ انصاف کے دائرہ کار کا معاملہ ہے۔واضح رہے کہ امریکا اور کینیڈا کی شہریت کے حامل خالصتان نواز سکھ لیڈر اور قانون گرپتونت سنگھ پنو کو امریکا میں قتل کرنے کی سازش رچنے کے الزام میں بھارتی باشندے نکھل گپتا کو امریکی حکام چیک جمہوریت سے امریکا لاچکے ہیں جبکہ بھارت کے مرکزی خفیہ ادارے ’’را‘‘ کے سابق افسر وکاس یاد کو دہلی میں گرفتار کیا گیا گیا ہے۔ قتل کی اس سازش کے حوالے سے امریکی محکمہ انصاف نے نکھل گپتا اور وکاس یادو پر فردِ جرم عائد کردی ہے۔



