اسلام رواداری،محبت اور امن کا پیغام دیتا ہے:سید راشد حسین بخاری

اسلام رواداری،محبت اور امن کا پیغام دیتا ہے:سید راشد حسین بخاری
محرم الحرام پر امن کو قائم رکھنا پوری قوم کی مشترکہ ذمہ داری ہے:نائب صدر
ملک دشمنوں کی ہر سازش کوناکام بنا کر پاکستان کو امن کا گہوارہ بنانا ہوگا:گفتگو
افواج پاکستان نے ملکی دفاع اور سلامتی کو مضبوط اور ناقابل تسخیر بنایا دیا ہے:اظہار خیال
اسرائیلی جارحیت کے خلاف پاکستان ہی نہیں بلکہ پوری امت مسلمہ متحد ہونے کی ضرورت ہے
نائب صدر مستقبل پاکستان سید راشد حسین بخاری نے نئے اسلامی سال محرم الحرام کے آغاز پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسلام رواداری‘محبت‘ اور امن کا پیغام دیتا ہے‘ملک دشمنوں کی ہر سازش کوناکام بنا کر پاکستان کو امن کا گہوارہ بنانے کی ضرورت ہے، محرم الحرام کے موقع پر امن کو قائم رکھنا تمام مکاتب فکر کے علماء اور پوری قوم کی مشترکہ ذمہ داری ہے، پاکستان میں انتہا پرستی اور فرقہ واریت کی کوئی گنجائش نہیں ہے اس کے خاتمے کیلئے ضروری ہے کہ حکومت کے ساتھ ساتھ ملک میں موجود تمام افراد اپنا اپنا کردار ادا کریں تاکہ شرپسند عناصر کی کوئی بھی سازش کامیاب نہ ہوسکے، تمام مکاتب فکر کے علماء کرام اتحاد بین المسلمین کو فروغ دیں اور اسلام کے اس پیغام محبت،رواداری اور برداشت کو اجاگر کریں،اپنے مسلک کو چھوڑو نہ اور کسی کے مسلک کو چھیڑو نہ اس زریں اصول کو علماء اپنے سامنے رکھیں،شہداء کربلا کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان نے پاکستان کے دفاع اور سلامتی کو مضبوط اور ناقابل تسخیر بنایا دیا ہے افواج پاکستان اور دیگرسکیورٹی اداروں کی قربا نیاں رنگ لائیں گی، اسرائیلی جارحیت کے خلاف پاکستان ہی نہیں بلکہ پوری امت مسلمہ متحد ہونے کی ضرورت ہے تاکہ اسلامی دشمنوں قوتوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جاسکے۔سید راشد حسین بخاری نے کہا کہ مسلم امہ کو درپیش مسائل میں اضافے کی وجہ احکامات الہیہ کو پس پشت ڈالتے ہوئے اغیار کی پیروی ہے اگر دنیا بھر میں موجود مسلمان ان پر عمل کرتے ہوئے اتحاد و اتفاق کے ساتھ آگے بڑھیں تو دنیا کی کوئی بھی طاقت انہیں شکست سے دو چار نہیں کرپائے گا بلکہ مسلمان اپنا کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کرلیں گے۔



