ہم یمنی حوثی باغیوں کے سعودی عرب پر حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔حافظ عبدالحمید عامر

ہم یمنی حوثی باغیوں کے سعودی عرب پر حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔حافظ عبدالحمید عامر
اصلاح معاشرہ میں علمائے کرام کی کاوشوں کا کوئی منصف مزاج شخص انکار نہیں سکتا۔پروفسیر عبداللہ ناصر رحمانی
جہلم (نامہ نگار)یمنی حوثی باغیوں کے سعودی عرب پر حملوں کی شدید مذمت کرتے ہیں، ان خیالات کا اظہار جامعہ علوم اثریہ جہلم کے مہتمم اور نائب امیر مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان حافظ عبدالحمید عامر نے 43ویں سالانہ جلسہ تقسیم اسناد و تقریب صحیح بخاری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے جلسہ عام میں قرار داد مذمت پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ عوامی اجتماع سعودی عرب کی سرحدوں اور اس مقدس سرزمین کے مضافات میں یمنی حوثی باغیوں کی جانب سے کیے جانے والے مسلسل ڈرون اور میزائل حملوں کی شدید ترین مذمت کرتا ہے اور ان جارحانہ کارروائیوں کو اُمت مسلمہ کے جذباتِ ایمانی کے ساتھ کھلم کھلا کھلواڑ اور عالمی امن کی سنگین خلاف ورزی قرار دیتا ہے،عوام الناس نے ہاتھ کھڑے کرکے اس قرار دار کو حرف حرف تائید کی۔ پروفیسر عبداللہ ناصر رحمانی آف کراچی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عقیدہ توحید مسلمان کے افکار و نظریات کی اساس ہے اور امام بخاری نے اپنی معرکۃ الآراء کتاب ”صحیح بخاری“ عقیدہ توحید کو نکھار کر رکھ دیا ہے اور باطل نظریات کا بھی خوب رد کیا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ اصلاح معاشرہ میں علمائے کرام کی کاوشوں کا کوئی منصف مزاج شخص انکار نہیں سکتا۔ اس پر فتن دور میں بھی جو کچھ حد تک اسلامی اقدار کی احیا باقی ہے، اس میں علمائے دین کی کاوشیں اور مدارس دینیہ کا کردار قابل فخر اور دل آفریں ہے۔مزید انہوں نے کہا کہ وعظ و تبلیغ میں داعیان اسلام کا بھی فرض بنتا ہے کہ وہ عوام الناس کی اصلاح اور تعلیم و تربیت میں مثبت رویوں کو پروان چڑھائیں اور معاشرے میں بڑھتی ہوئی منفی سوچ اور عدم برداشت کو کم کرنے میں اپنا بھرپور کردار کریں، اپنے اختلافات میں ادب و آداب اور اپنے اسلاف کے اسلوب کا لازمی طور پر خیال کریں۔ جامعہ اثریہ کے شیخ الحدیث مولانا سیف اللہ اثری نے کہا کہ امام بخاری رحمہ اللہ محدثین کرام میں ایک تابندہ و درخشندہ ستارہ ہیں۔ جنہیں محدثین کرام میں بہت بلند مقام حاصل ہے۔ ان کی کتاب ”صحیح بخاری شریف“ تمام کتب احادیث میں امتیازی مقام رکھتی ہے۔ جس میں آپ نے بڑی جانچ پھٹک کے ساتھ صحیح احادیث کا خوبصورت مجموعہ ترتیب دیا،۔انہوں نے مزید کہا کہ الحاد کے فتنے کے ساتھ آج انکار حدیث کا فتنہ بھی پورے عروج پر نظر آتا ہے، دینی تعلیمات سے صحیح طور پر ناآشنا بعض لوگ خیال کرتے ہیں کہ شاید مسلمانوں کی رہنمائی کیلئے صرف قرآن ہی کافی ہے،لیکن حقیقت یہ ہے کہ احادیث نبویہ کو نظر انداز کرکے کوئی بھی شخص راہ ہدایت حاصل نہیں کر سکتا۔سوشل میڈیا پر معروف عالم ڈاکٹر قاری خلیل الرحمن جاوید نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انسانیت کا سب سے بڑا ظلم اور ناانصافی اللہ رب العزت کی ذات کے ساتھ شرک کرنا ہے،توحید کی ترویج معاشرے میں امن و سلامتی اور رحمت الٰہی کا بہترین ذریعہ ہے۔ نیز انہوں نے کہا کہ گمراہی و ضلالت سے بچنے کا صرف ایک ہی راستہ ہے کہ تمام نظریات میں ہم اپنے اسلاف کا راستہ اختیار کریں۔ صحابہ کرام اسلام کے اولین پاسبان ہیں، ان کے بارے میں زبان طعن دراز کرناحقیقت میں ذخیرۂ حدیث پر اعتراض کرنا ہے جو کہ اللہ کی وحی پر اعتراض کرنے کے مترادف ہے۔مولانا سید سبطین شاہ نقوی نے کہا کہ صحابہ کرام کی عزت ہمارے ایمان کا حصہ ہے اور ان کے خلاف کسی بھی طرح کی زبان درازی انسان کوضلالت و گمراہی کی طرف دھکیل دیتی ہے اورہم اس ملک میں اپنے اسلاف کے اسلوب و منہج کو لے کر چل رہے ہیں اور اسی کے معاشرے میں ترجمان ہیں، نیز انہوں نے کہا کہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کی سرزمین عالم اسلام کے لیے وہ آخری ریڈ لائن ہے جس پر کسی قسم کا سمجھوتہ ممکن نہیں، کیونکہ اس مقدس دھرتی کا دفاع ہمارے ایمان کا جزوِ لاینفک ہے اور حرمین شریفین پر دشمنوں کے ناپاک عزائم کو ماضی کی طرح ہمیشہ خاک میں ملا دیا جائے گا، نیز انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ہمیں اپنی نوجوان نسل کے قلوب و اذہان میں یہ شعور اُجاگر کرنا ہوگا کہ اسلام کو جس طرح بیرونی فتنوں اور سازشوں کا سامنا ہے، بالکل اسی طرح آستین کے سانپوں اور اندرونی دشمنوں سے بھی شدید خطرہ لاحق ہے جن کی فتنہ انگیزیوں سے آگاہی حاصل کرنا ہمارے لیے از بس ضروری ہو چکا ہے۔مولانا یوسف پسروری آف لاہور نے کہا ہے کہ پیغمبر اسلام اخلاق و کردار اور دیگر پہلو ہائے زندگی میں ہمارے لیے بہترین نمونہ ہیں۔ معاشرے میں باہمی محبت و الفت اور بھائی چارے کو عام کرنے کے لیے اخلاق نبوی کی پیروی حتمی اور یقینی حل ہے۔مولاناسیف اللہ خالد ملتانی نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے جہاں قرآن کریم کی حفاظت کاذمہ لیا ہے وہیں پر حدیث کی حفاظت کا بھی ذمہ اُٹھا رکھا ہے۔ قرآن کی طرح حدیث بھی وحی الٰہی ہے اور حدیث کی حجیت مسلمانوں کے ہاں مسلمہ ہے۔ سالانہ جلسہ تقسیم اسناد و انعامات میں اسٹیج سیکرٹری کے فرائض مدیر الجامعہ حافظ احمد حقیق،حافظ عبدالغفور مدنی، مولانا سعد محمد مدنی، مولانا عکاشہ مد نی اور مولانا عمر عبدالحمید نے سرانجام دئیے۔ اس موقع پر جامعہ سے سند فراغت اور مختلف انعامی مقابلوں میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے 61 طلباء میں اسناد و انعامات تقسیم کیے۔ اس تقریب صحیح بخاری شریف اور جلسہ تقسیم اسنادمیں جہلم کے علاوہ تحصیل دینہ، تحصیل سوہاوہ، تحصیل پنڈدادنخان، چکوال، منڈی بہاؤالدین، گجرات، میرپور آزاد کشمیر، گوجر خان، کلرسیداں، دولتالہ اور دیگر علاقوں سے بھاری تعداد میں لوگوں نے قافلوں کی صورت میں جوق در جوق شرکت کی۔



