گلوبل صمود فلوٹیلا پر اسرائیلی حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہوں۔اکرام الدین

گلوبل صمود فلوٹیلا پر اسرائیلی حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہوں۔اکرام الدین
ممتاز کارکن گریٹا تھنبرگ، ہسپانوی صحافی نیسٹر پریٹو اور دیگر گرفتار کارکنوں کو رہا کیا جائے۔انٹرنیشنل جرنلسٹ یورپ آئی ایچ آر سی
اٹلی(انٹرنیشنل ڈیسک)غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق انٹرنیشنل ہیومن رائٹس کمیشن کے پاکستانی نژاد یورپی جرنلسٹ و بین الاقوامی گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کے چیف ایگزیکٹیو اکرام الدین نے کہا کہ عالم اسلام فلسطین کے حق کیلئے آواز بلند کرنے میں کلیدی کردار ادا کریں انہوں نے کہا کہ اسرائیلی بحریہ نے گلوبل صمود فلوٹیلا پر یکم اکتوبر 2025 کو اُس وقت حملہ کیا جب فلوٹیلا میں شامل کشتیاں غزہ سے تقریباً 80 ناٹیکل میل دور بین الاقوامی پانیوں میں موجود تھیں۔ تب مقامی وقت (UTC+3) کے مطابق رات 11:22 بجے تھے۔اسرائیلی بحریہ نے فلوٹیلا کو وارننگ دی کہ اپنا رُخ تبدیل کرے ورنہ اُس پر حملہ کر دیا جائے گا۔ اس کے بعد اسرائیلی جنگی جہازوں نے فلوٹیلا کی کشتیوں کو گھیرنے کی کوشش کی لیکن کشتیوں نے اپنا سفر جاری رکھا۔ پہلے داؤ میں ناکامی کے بعد اسرائیلی نیوی نے سائبر حملے کے ذریعے فلوٹیلا کی مواصلات جام کر دیا، اور پھر لاوڈ اسپیکر پر انہیں انجن بند کرنے کا حکم دیا۔ اس کے بعد ایک اسرائیلی جنگی بحری جہاز نے فلوٹیلا میں شامل "الما” اور "سیرئس” نامی کشتیوں کے گرد خطرناک انداز میں چکر کاٹنا شروع کر دیے۔ اگر یہ کشتیاں نہ رکتیں تو اسرائیلی جہاز سے ٹکرا کر اُلٹ جاتیں اور ان میں سوار افراد سمندر میں جا گرتے۔کشتیوں کے رکنے پر اسرائیلی فورسز نے ڈرون طیاروں کے ذریعے ان پر اعصاب کو سُن کر دینے والے اسٹن گرینیڈز اور "اچنگ پاؤڈر” (خارش پیدا کرنے والا کیمیائی مادہ) کا بے دریغ استعمال کیا۔ اس کے بعد اسرائیلی کمانڈوز رسوں اور سیڑھیوں کی مدد سے ان دونوں کشتیوں پر چڑھ آئے۔ انہوں نے کشتیوں کے عملے اور سواروں کو تشدد کا نشانہ بنایا اور گرفتار کرنا شروع کر دیا۔بعد ازاں فلوٹیلا کی باقی کشتیوں پر بھی یہی حربے استعمال کیے گئے۔ممتاز کارکن گریٹا تھنبرگ، ہسپانوی صحافی نیسٹر پریٹو سمیت دیگر کو گرفتار کیا گیا ہے۔ جنہیں اسرائیلی بندرگاہوں پر لے جایا جا رہا ہے۔ یاد رہے کہ جماعت اسلامی رہنما اور سابق سنیٹر مشتاق سمیت دیگر پاکستانی بھی اس قافلے کا حصہ ہیں۔فلوٹیلا پر حملے کی خبر نشر ہوتے ہی، یونان میں بڑے پیمانے پر مظاہرے شروع ہو گئے ہیں، جہاں ہزاروں لوگ سڑکوں پر نکل آئے۔ جرمنی کے شہر برلن کے مرکزی اسٹیشن پر فلوٹیلا سے یکجہتی سے اظہار کرنے ولے درجنوں افراد کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔ بیلجیم کے دارلحکومت برسلز کے علاوہ اٹلی کے شہروں نپولز اور پیڈووا میں یونیورسٹیوں کے باہر اور سڑکوں پر حملے کی خبر کے ساتھ ہی احتجاج ہونا شروع ہو گئے ہیں۔ اس موقع پر انٹرنیشنل ہیومن رائٹس کمیشن کے پاکستانی نژاد یورپی جرنلسٹ و بین الاقوامی گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کے چیف ایگزیکٹیو اکرام الدین نے اپنی مذمتی بیان میں کہا کہ گلوبل صمود فلوٹیلا پر اسرائیلی حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہوں انہوں نے کہا کہ گلوبل صمود فلوٹیلا پر حملہ انسانیت پر حملہ ہے جس پر اقوام متحدہ اور بین الاقوامی انسانی حقوق کی تنظیموں سے ایکشن لینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ممتاز کارکن گریٹا تھنبرگ ، ہسپانوی صحافی نیسٹر پریٹو اور دیگر گرفتار کارکنوں کو رہا کیا جائے انہوں نے مزید کہا کہ اقوام عالم کی خاموشی افسوسناک ہے یہ وقت آواز بلند کرنے کا ہے نہ ہی خاموشی کا انسانیت اور فلسطینی مسلمانوں کیلئے آواز بلند کرنے میں کلیدی کردار ادا کریں تا کہ فلسطینی مسلمانوں کی جاری قتل عام و نسل کشی بند ہو سکے۔



