
کمشنرراولپنڈی کیپٹن(ر) محمد محمود نےدورہ چکوال کے موقع پر سرال تا ڈھڈیال روڈ کی بحالی و بہتری،
لطیفال میں 20 بیڈز پر مشتمل ہسپتال کی تعمیر ،ڈھڈیال بائی پاس کی تعمیر اور دھرابی جھیل پر ڈویلپمنٹ آف ریزارٹ کے جاری میگا پراجیکٹس کا معائنہ کیا جس کے دوران انہیں مذکورہ زیرِ تعمیر میگا پراجیکٹس پر کام کی رفتار اور معیار تعمیر کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کیپٹن ( ر) بلال ہاشم، اے ڈی سی آر مصور خان نیازی ، اے ڈی سی ایف اینڈ پی اشعر اقبال، ڈی ڈی ڈویلپمنٹ فضل شیر اور متعلقہ تعمیراتی محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔ کمشنر راولپنڈی نے ان میگا پراجیکٹس پر کام کی رفتار اور معیار تعمیر پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے تعمیراتی محکموں کے افسران کو احکامات جاری کئے کہ عملدرآمد کے تمام تر امور کی موقع پر کڑی نگرانی کر کے مقررہ مدت میں معیاری تکمیل یقینی بنائی جائے تاکہ متعلقہ علاقوں کے عوام کو ترقیاتی منصوبوں کے ثمرات بروقت فراہم کئے جا سکیں۔ اس موقع پر کمشنر راولپنڈی کیپٹن ( ر) محمد محمود نے کہا کہ حکومت کی طرف سے فراہم کردہ خطیر وسائل سے ترقیاتی منصوبوں کی مقررہ مدت میں معیاری تکمیل تعمیراتی محکموں کی اولین ذمہ داری ہے اور اس اہم ترین ذمہ داری کی احسن تکمیل کے لئے بہترین پیشہ ورانہ مہارت سے کام کیا جائے تاکہ عوام کا معیارِ زندگی بلند کرنے کی حکومتی ترجیحات کو حسبِ منشا انداز میں پورا کیا جا سکے
رپورٹ:سید یوسف شاہ بیورو چیف اسلام آباد



