لاہور: سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہیٰ نے کہا ہے کہ اکیلی حکومت کچھ نہیں کر سکتی، کرونا وائرس سے بچاؤ کیلئے تمام جماعتوں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔
تفصیل کے مطابق سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالہیٰ نے سینیٹر کامل علی آغا اور میاں منیر کے ہمراہ پیپلز پارٹی کی جانب سے بلائی گئی آل پارٹیز کانفرنس سے ٹیلیفونک خطاب میں کہنا تھا کہ کرونا وائرس سے بچاؤ کیلئے تمام جماعتوں کو قوم کا کام سمجھ کر کرنا ہوگا، اکیلی حکومت کچھ نہیں کر سکتی۔ اس آفت اور مصیبت سے اتحاد کے ذریعے ہی چھٹکارا حاصل کیا جا سکتا ہے۔
چودھری پرویز الہیٰ نے کہا کہ گلی، محلے اور دیہات کی سطح پر کمیٹیاں قائم کی جانی چاہیں۔ ڈیلی ویجز والوں کو ڈیلی واچ کرکے گلی محلے تک خوراک اور رقم پہنچانی چاہیے۔
سپیکر پنجاب اسمبلی نے اس موقع پر سندھ کے وزیر تعلیم سعید غنی کی صحت کیلئے دعا اور ڈاکٹر اسامہ کو شہادت پر خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ عوامی مسائل پر اے پی سی بلانے پر بلاول بھٹو زداری کا شکریہ ادا کر سکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن کا فائدہ اسی صورت میں ہو سکتا ہے، اگر روزانہ کی بنیاد پر تمام حالات پر نظر رکھی جائے۔ پنجاب اسمبلی کے سارے ارکان نے کرونا فنڈ میں اپنا اپنا حصہ ڈالا ہے۔ دوسرے صوبوں کو بھی کرونا فنڈ میں اپنا حصہ ڈالنا چاہیے۔