لاہور: کرونا وائرس کے معاملے اور اس کے بڑھتے ہوئے خطرات کے پیش نظر تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام نے عوام سے گھروں میں رہنے اور گھر میں نمازیں ادا کرنے کی تلقین کر دی ہے۔
علمائے کرام نے یہ اعلان گورنر پنجاب چودھری سرور سے ملاقات کے بعد کیا۔ گورنر پنجاب سے تمام مکتبہ فکر کے 20 سے زائد علمائے کرام نے ملاقات کی تھی۔
اجلاس کے بعد گورنر پنجاب اور علمائے کرام نے یک زبان ہو کر عوام کو گھروں میں رہنے کی تلقین۔ اس موقع پر گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ عوام گھروں میں رہیں، خود بھی نماز پڑھیں اور بچوں کو بھی نماز پڑھائیں۔
مولانا طاہر اشرفی، پروفیسر ساجد میر، مفتی عاشق حسین، ڈاکٹر راغب نعیمی، مولانا حافظ عبدلرحیم اور دیگر علمائے کرام کا کہنا تھا کہ نے عوام سے التماس کی کہ کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے عوام کو گھروں میں رہنا چاہیے۔
علمائے کرام نے کہا کہ جس نے ایک جان بچائی اس نے پوری انسانیت کو بچایا۔ عوام گھروں میں رہنے کی تلقین پر عمل کریں اور گھروں میں رہ کر نماز پڑھیں۔ کورونا وائرس کی وبا سے بچنے کے لیے گھروں میں رہنا اچھا فیصلہ ہے۔
گورنر پنجاب چودھری محمد سرور کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں علمائے کا کردار خوش آئند ہے۔ ہم نے ہر پاکستانی کو اپنی فیملی کا حصہ سمجھ کر کورونا سے بچانا ہے۔