پاکستان میں 5جی انٹرنیٹ سروسز کیلئے اقدامات اٹھارہے ہیں: وزیراعظم
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان میں 5 جی انٹرنیٹ سروسز کیلئے اقدامات اٹھارہے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف سے وی آن گروپ کے چیئرمین آوگی کے فیبیلا کی قیادت میں 5 رکنی وفد نے ملاقات کی، ملاقات میں وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام شزا فاطمہ خواجہ، وزیرمملکت برائے خزانہ و محصولات علی پرویز ملک، وزیر اعظم کے کوآرڈینیٹر رانا احسان افضل اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران بھی موجود تھے۔
وفد کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ حکومت ٹیلی کمیونی کیشن کے شعبے کی ترقی و ترویج کے لیے کوشاں ہے، آئندہ تین سالوں میں پاکستان سے آئی ٹی کی برآمدات کو 25 بلین ڈالر تک پہنچانے کے ہدف کے حصول کیلئے پر عزم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دور دراز علاقوں میں بھی تیز ترین موبائل انٹرنیٹ کی فراہمی کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں، پاکستان میں تیز تر اور قابل اعتماد انٹر نیٹ سروسز کے لئے فائیو جی انٹرنیٹ کی سروسز متعارف کرانے کیلئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، 5 جی سروسز کی بدولت ڈیجیٹل پاکستان کے ویژن کا حصول ممکن ہو سکے گا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کیش لیس اور ڈیجیٹل معیشت کے فروغ کے حوالے سے ٹیلی کام سیکٹر کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے، وی آن کا سبسیڈئری جاز گروپ پاکستان میں ٹیلی کمیونی کیشن اور فنانشل ٹیکنالوجی کے شعبے میں اہم کردار کر رہا ہے، پاکستان میں انفارمیشن ٹیکنالوجی ، ڈیجیٹائز یشن اور مصنوعی ذہانت کے فروغ کے حوالےسے وی آن گروپ کے ساتھ مل کر کام کرنے کے خواہاں ہیں۔
وفد نے ملک میں حالیہ معاشی استحکام کے حوالے سے حکومتی کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان آئی ٹی و ٹیلی کام کے شعبے میں سرمایہ کاری کے حوالے سے ایک اہم ملک بن چکا ہے ۔