وزیر مملکت خزانہ اور ریلوے بلال اظہر کیانی نے جہلم میں پٹرول پمپس کا دورہ کیا اور وزیراعظم شہبازشریف

وزیر مملکت خزانہ اور ریلوے بلال اظہر کیانی نے جہلم میں پٹرول پمپس کا دورہ کیا اور وزیراعظم شہبازشریف کی عوام کو سستے پٹرول کی فراہمی کے عمل کا مشاہدہ کیا۔ ضلعی انتظامیہ کے حکام کے ہمراہ وزیرمملکت بلال اظہر کیانی نے شہریوں سے بات چیت بھی کی اور اُن سے سستے پٹرول کی فراہمی کے حوالے سے حکومت کی طرف سے تیارکردہ نظام کے بارے میں سوالات کئے۔ اس موقع پر مفت فون نمبر9771 پر پیغام بھیجنے اور اُس کے جواب کا بھی عملی مشاہدہ کیا ۔
وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے شہریوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خطے کی کشیدہ صورتحال اور تیل کی قیمتوں میں مسلسل اضافے سے تمام ممالک متاثر ہورہے ہیں۔ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں مسلسل اضافے سے پاکستانی معیشت دبائو اور عوام کو مہنگائی کی لہر کا سامنا ہے۔
وزیراعظم شہبازشریف خطے میں کشیدہ صورتحال کے آغاز سے ہی ایسے مختلف اقدامات کررہے ہیں جن سے اپنے عوام کو مہنگائی سے بچایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے پاس آئے ہیں تاکہ انہیں فیول سبسڈی سکیم کی عملی افادیت کے بارے میں عوام کی رائے معلوم ہو۔عوام سے بات چیت کرکے خوشی اور اطمینان حاصل ہوا ہے کہ ریلیف کی عوام کو فراہمی کا عمل بتدریج تیز ہو رہا ہے اور موٹرسائیکل ، چنگ چی رکشے اور 800 سی سی تک کی گاڑیاں استعمال کرنے والے بھائی اس رعایت سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ بلال اظہر کیانی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ زیادہ سے زیادہ تعداد میں فیول سبسڈی سکیم میں رجسٹریشن کرائیں تاکہ اُنہیں مشکل حالات میں کچھ مدد مل سکے۔
دریں اثنا وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے جہلم میں کھلی کچہری منعقد کی جس میں ۔۔۔۔گھنٹے سے زائد وقت تک عوام کے مسائل اور شکایات سنیں۔ اس موقع پر ضلعی انتظامیہ، پولیس اور دیگر محکموں کے اعلی حکام موجود تھے۔ شہریوں نے بجلی، سیوریج، محکمہ مال، ذاتی تنازعات، بیت المال اور روزگار سمیت دیگر مسائل سے وزیر مملکت کو آگاہ کیا جس پر بلال اظہر کیانی نے موقع پر احکامات جاری کئے۔
کھلی کچہری میں وزیراعظم فیول سبسڈی سکیم کا رجسٹریشن ڈیسک بھی قائم کیا گیا تھا تاکہ لوگ سستے پٹرول کی فراہمی کی رعایت سے فائدہ اٹھا سکیں۔
یاد رہے کہ وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے14 جولائی سے جہلم، دینہ اور سوہاوہ میں عوام کے مسائل اور شکایات براہ راست سننے کے لئے کھلی کچہریوں کا آغاز کیا تھا۔ یہ جہلم میں تیسری کھلی کچہری ہے۔



