
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے درمیان سٹاف لیول معاہدہ ہوگیا ہے، مخالفین نے ڈھنڈورا پیٹا اب منی بجٹ آئے گا، لیکن الحمدللہ، منی بجٹ نہیں آیا۔
وفاقی کابینہ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ وفاقی کابینہ اجلاس میں تمام ارکان کو خوش آمدید کہتا ہوں، اجلاس میں آج خصوصی طور پر معاونین خصوصی کو بھی مدعو کیا گیا۔
اجلاس میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی والدہ کے انتقال پر کابینہ ارکان نے اظہار ہمدردی اور دعائے مغفرت کی۔
کابینہ اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ سٹاف لیول معاہدہ طے پا گیا ہے، جس پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر خزانہ سمیت دیگر متعلقہ وفاقی وزراء اور ان کی ٹیم کا شکریہ ادا کرتا ہوں، سٹاف لیول معاہدہ طے پانے پر ایم ڈی آئی ایم ایف کے شکر گزار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ طے پانے والے معاہدے میں آرمی چیف کا بھی کلیدی کردار رہا، آئی ایم ایف پروگرام میں صوبوں کا وفاق کیساتھ بھرپور تعاون قابل قدر ہے، دن رات کی محنت اور ایک ٹیم ورک کے نتیجے میں کامیابی حاصل ہوئی، حکومت کی انتھک کاوشوں کے باعث اتنا جلد یہ ہدف حاصل کرنا ممکن ہوا۔
ان کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف معاہدے کے حوالے سے اغیار کے اوچھے ہتھکنڈوں کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، دہشتگردی اور مہنگائی کے باوجود آئی ایم ایف معاہدہ طے پانا حکومت کی سنجیدگی کا عکاس ہے، پوری قوم نے اس ہدف کے حصول میں بے پناہ قربانیاں دیں، کامیابی سے معاہدہ طے پانے میں عام آدمی کا بھی انتہائی اہم کردار ہے۔



