اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے علمائے کرام و آئمہ سے کہا ہے کہ وہ مساجد میں احتیاطی تدابیر پرعملدرآمد یقینی بنائیں کیونکہ ہمیں کورونا وائرس کیخلاف ذمہ داری اور نظم وضبط کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت ہے۔
وفاق المدارس کے مہتم مولانا حنیف جالندھری اور علامہ ساجد نقوی سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے صدر نے ان سے اپیل کی کہ وہ رمضان المبارک کے دوران تمام قواعد وضوابط پر عملدرآمد کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔
انہوں نے علمائے کرام سے کہا ہے وہ لوگوں کو نماز کی ادائیگی کے دوران ماسک پہننے اورسماجی فاصلہ رکھنے کی تاکید کریں۔ ڈاکٹرعارف علوی نے علامہ ساجد نقوی سے اپیل کی وہ لوگوں کو مجالس میں ماسک پہننے اور سماجی فاصلہ رکھنے پر قائل کریں۔
علامہ ساجد نقوی نے صدر مملکت کو احتیاطی تدابیر پر مکمل عملدرآمد کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ تمام حفاظتی اقدامات یقینی بنائے جائیں گے۔
صدر نے کہا کہ انہوں نے رمضان المبارک کے دوران تمام مدارس اور مساجد میں احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کے لئے وفاق المدارس کو خطوط لکھے ہیں۔