راولپنڈی: ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے کہا ہے کہ 5 اگست 2019 کے اقدام کے بعد سے عالمی سطح پر بھارت کمزور پوزیشن پر، دہشت گردی میں بھارت ملوث، پاکستان ڈوزیئر میں ثبوت سامنے لایا، دنیا اب بھارتی سپانسرڈ دہشت گردی پر کھل کر بات کر رہی ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے انٹرویو میں کہا کہ بھارت افغان سر زمین کو استعمال کر کے سی پیک کو نشانہ بناتا ہے، بھارت کے پاس دہشت گرد ہیں، وہ سی پیک پر کام کرنے والی چینی افرادی قوت اور مقامی لیبر کو نشانہ بناتا ہے، مگر ان خطرات کے خلاف ہم نے مکمل تیاری کر رکھی ہے، چیلنجز سے نمٹ رہے ہیں، پاکستان نے سی پیک کی سیکیورٹی کے لئے خاص طور پر دو ڈویژن فورس تشکیل دی ہے، اس کے علاوہ آٹھ نو ریگولر رجمنٹس بھی راہداری کی حفاظت پر مامور ہیں۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا ہمارے چینی پارٹنرز سی پیک منصوبے کی سیکیورٹی کے انتظامات سے مکمل مطمئن ہیں، سی پیک کو نقصان پہنچانے کی ہر بھارتی سازش کو ناکام بنائیں گے، انشاءاللہ سی پیک ہر روز پہلے سے زیادہ ترقی کرے گا۔ انہوں نے کہا بھارتی سی پیک کی ٹائم لائن مکمل نہ ہونے دینےکا فیصلہ کرچکے، وہ سمجھتے ہیں رکاوٹیں ڈالنے سے منصوبہ رک جائے گا، بھارت سی پیک کو ترقی کرتے نہیں دیکھنا چاہتا، اس کا مطلب واضح ہے کہ وہ کیا کر رہے ہیں۔
میجر جنرل بابر افتخار نے مزید کہا کہ بھارت افغان سر زمین کو استعمال کر کے سی پیک کو نشانہ بناتا ہے، افغان قیادت سے اس مسئلے پر بات کرتے رہتے ہیں، افغان حکومت کو درپیش مسائل کو تسلیم کرتے ہیں۔