
جہلم : ممبران قومی و صوبائی اسمبلی نے عوام کی سہولیات کو مد نظر رکھتے ہوئے ضلع بھر کی تعمیر و ترقی کے لئے 30 کروڑ روپے کے فنڈزجاری کر دےئے ،
ضلع جہلم سمیت پنجاب بھر کے ٹھیکیداروں نے ٹینڈرز میں حصہ لیا، ٹینڈرز کمیٹی نے موقع پر ٹینڈرز کھولے ، شہریوں میں خوشی کی لہردوڑ گئی۔ تفصیلات کے مطابق ممبر قومی اسمبلی چوہدری فرخ الطاف، وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین ، ممبر پنجاب اسمبلی چوہدری ظفر اقبال ،ممبر پنجاب اسمبلی راجہ یاور کمال نے اپنے اپنے حلقوں کے مسائل کو حل کروانے کے لئے رابطہ سڑکوں ، سیوریج نظام ، صحت و تعلیم سمیت گلیوں کی پختگی نالوں کو پختہ کرنے کے لئے وزیر اعلیٰ پنجاب سے 30 کروڑ روپے کی خطیر رقم کے فنڈز منظور کروالئے، میونسپل کارپوریشن جہلم نے 1 سو15 ترقیاتی سکیموں کے ٹینڈرز جاری کئے ، ٹینڈر کمیٹی سی ای او انعام الرحیم ، سی ای او تحصیل کونسل ملک ساجداعوان، ایکسین شہزاد طفیل ، ایم او ایف علی حسن اور نمائندہ ڈپٹی کمشنر لوکل گورنمنٹ ملک ندیم اعوان کی موجودگی میں ٹینڈرز کھولے گئے ،اسی طرح تحصیل کونسل کی 48 سکیموں کے ٹینڈرز بھی کمیٹی کی موجودگی میں کھولے گئے ، تحصیل دینہ کے عوام کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے 14 کروڑ روپے کے ٹینڈرز میونسپل کارپوریشن دینہ کے دفتر میں کھولے گئے ، ٹینڈر کمیٹی چیف آفیسر الفت شہزاد، ایکسیئن شیخ طارق محمود، ایم او ایف محمد طاہر نمائندہ ڈپٹی کمشنر تحصیلدار دینہ کی نگرانی میں ٹینڈرز کھولے گئے ،
ٹینڈرز میں پنجاب بھر کے ٹھیکیداروں نے حصہ لیا، ٹینڈرز فارم متعلقہ محکموں کے دفتروں سے وصول کئے گئے اور اپنے اپنے ٹینڈرز مقررہ وقت پر ٹینڈر بکس میں ڈالے گئے ، اس موقع پر ٹینڈر زکمیٹیوں نے مشترکہ طور پر بیان جاری کیا کہ ترقیاتی کاموں پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا۔اس موقع پرممبران قومی و صوبائی اسمبلیوں نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمر ان خان کے ویژن عوام کی مشکلات میں کمی لانے اور بہتری کے لئے مزید اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ضلع جہلم کو پنجاب کا مثالی ضلع بنانے کے لئے بھرپور ترقیاتی کام کروائے جائیں گے۔
جہلم : (رانا نوید الحسن)