بختاور بھٹو کے عروسی جوڑے میں سونے اور ہیرے کا استعمال، خبریں جعلی قرار
لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری اور سابق وزیراعظم محترمہ بینظیر بھٹو شہید اور سابق صدر آصف علی زرداری کی بیٹی بختاور بھٹو کی گزشتہ ماہ چودھری محمود کیساتھ شادی ہوئی، سوشل میڈیا پر کچھ خبریں وائرل ہو رہی ہیں جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ بختاور کے جوڑے میں سونا اور ہیرے استعمال کیا گیا ہے، تاہم یہ خبریں جعلی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق کیا اس جوڑے میں سونے کی تاروں سے کام ہوا ہے۔ کیا اس جوڑے میں ہیرے جڑے گئے ہیں۔ کیا یہ اب تک پاکستان میں تیار ہونے والا سب سے مہنگا برائیڈل ڈریس ہے۔ کیا اس میں استعمال ہونا والا تمام تر میٹریل امپورٹڈ تھا، یہ اور اس سے ملتے جلتے بہت سی سوالات سوشل میڈیا پر اس وقت پوچھے گئے جب بختاور بھٹو زرداری کی 29 جنوری کو ہونے والی شادی کی تصاویر ریلیز کی گئیں جس میں وہ ایک نفیس سا عروسی جوڑا زیب تن کیے ہوئے تھیں۔
برائیڈل ڈریس کے حوالے سے ہونے والی چہ میگوئیوں شروع ہوئیں تو ڈیزائنر وردا سلیم نے برطانوی خبر رساں ادارے بی بی سی سے بات کی وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ بختاور کے جوڑے پر قیمت اور اس میں سونا اور ہیرے استعمال ہونے کی جو قیاس آرائیاں ہوئی ہیں وہ بالکل بھی سچ نہیں ہے، نہ ہی اس جوڑے میں سونے کی تار استعمال کی گئی اور نہ ہی ہم نے اس جوڑے میں کوئی ڈائمنڈز استعمال کیے ہیں (ہنستے ہوئے)۔
انہوں نے کہا کہ بطور برانڈ ہم وہ میٹریل استعمال کرنے ہیں تو انتہائی نفیس ہوتا ہے، بختاور کے جوڑے میں بھی مقامی مارکیٹ میں دستیاب سب سے عمدہ اور نفیس کوالٹی کا میٹریل استعمال ہوا جیسا کہ پرلز، ریشم کی تار، سلور اور گولڈ زری کی تار، فرنچ ناٹس، زردوزی کا کام، سلور اور گولڈ لیدر کا کام، درحقیقت ان کے جوڑے کا فیبرک بھی ہاتھ سے تیار کردہ شیفون ہے۔ یہ شیفون بھی مقامی سطح پر تیار کیا جاتا ہے۔ بطور برانڈ ہم پاکستان میں بننے والی عمدہ کوالٹی کی مصنوعات کو ہی استعمال کرتے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمارے 45 کرافٹس مین (کاریگر) یہ جوڑے بنانے میں مصروف رہے اور ہمیں یہ جوڑا بنانے میں 7 ہزار گھنٹوں سے زیادہ کا وقت لگا ہے۔ اتنا وقت لگنے کی وجہ یہ ہے کہ اس جوڑے میں پورا ہاتھ کا کام ہے اور ہم نے بہت ہی فائن کوالٹی کا میٹریل استعمال ہوا۔ کام کی نوعیت بہت ہی باریک اور نفیس تھا۔ آپ کہہ سکتے ہیں کہ لگ بھگ چھ سے سات ماہ کا عرصہ لگا۔ ہم نے دو سے تین ماہ ڈبل شفٹس میں 24 گھنٹے کام کیا۔ ہماری پہلی ہی میٹنگ میں ان کے پاس ہمارے کام کی تصاویر تھیں اور انھوں نے ہمیں کہا کہ وہ چاہتی ہیں کہ آپ اور آپ کا برانڈ میری شادی کا جوڑا ڈیزائن کریں۔