اسلام آباد:ایڈمرل امجد خان نیازی نے 22 ویں سربراہ کے طور پر ذمہ داریاں سنبھال لیں۔ ایڈمرل ظفرمحمود عباسی نے روایتی سکرول پیش کر کے پاک بحریہ کی کمانڈ سپرد کی۔
چینج آف کمانڈ کی پروقار تقریب پی این ایس ظفر اسلام آباد میں ہوئی۔ امجد خان نیازی کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن پڑھ کر سنایا گیا۔ امجد نیازی نے 1985 میں پاک بحریہ کی آپریشنز برانچ میں کمیشن حاصل کیا، امجد خان نیازی کو ہلال امتیاز ملٹری، ستارہ بسالت سے نوازا جا چکا ہے۔
اس سے قبل بگلرز نے تہنیتی دھن بجا کر نیول چیف کی آمد کا اعلان کیا۔ سبکدوش ہونے والے اور نئے نیول چیف کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ اس موقع پر پاک بحریہ کے بینڈ نے مسحور کن دھن فضا میں بکھیری۔ سبکدوش ہونے والے نیول چیف ظفر محمود عباسی کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔
سبکدوش ہونے والے نیول چیف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کہا امجد خان نیازی کو تعیناتی پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، 3 سال کے دوران خطے میں بہت سے چیلنجز دیکھے، ہمیں سیکیورٹی سمیت دیگر چیلنجز کا سامنا ہے، پی این ایس ہیبت 2020 کے آخر میں بحریہ کا حصہ ہوگا، پاک بحریہ کو مزید بہتر بنانے کیلئے پر عزم ہیں۔
ایڈمرل ظفر محمود عباسی کا کہنا تھا 4 چینی فریگیٹ آئندہ 2 سال میں پاک بحریہ کاحصہ ہوں گے، پی این ایس یرموک پاک بحریہ کا حصہ بن چکی، پاک بحریہ کی پیشہ ورانہ صلاحیت پر خصوصی توجہ دی، ٹریننگ سینٹر کو کراچی سے گوادر منتقل کر دیا گیا، گوادر میں نیول بیس قائم کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا پاک بحریہ نے 2018 میں مختلف پیشہ ورانہ مشقوں میں حصہ لیا، اپریل 2018 کے دوران دورہ چین میں حکام سے ملاقاتیں کیں، پاک بحریہ نے ریسرچ کے شعبے میں بھی اہم اقدامات کیے، چین کے تعاون سے اکنامک زون سے متعلق اقدامات کیے جا رہے ہیں، پاک بحریہ کے تعلیمی اداروں میں اسلامی تعلیمات کو لازمی قرار دیا، ملکی دفاع کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں۔