لاہور: ایمریٹس ائیرلائنز نے 8 جون 2020ء سے دبئی کیلئے ہفتہ وار 14 شیڈول پروازیں شروع کرنے کا اعلان کیا ہے، جن میں کراچی سے یومیہ ایک پرواز، لاہور سے پانچ اور اسلام آباد سے دو پروازیں شامل ہیں۔
ایمریٹس پاکستان سے پرواز میں متحدہ عرب امارات کے شہریوں کے ساتھ کارگو بھی دبئی لے کر جائے گی۔ دبئی سے پاکستان آنے والی پروازوں پر ایئرلائن کی جانب سے صرف کارگو کو لایا جائے گا۔
ایمریٹس اپنے جدید بوئنگ 300-777 ای آر جہازوں کے ساتھ سفر کی سہولت پیش کرے گا جس میں کراچی سے روزانہ ایک پرواز، اسلام آباد سے ہر جمعرات اور ہفتے جبکہ لاہور سے پیر، منگل، جمعرات، جمعہ اور اتوار کو پروازیں روانہ ہوں گی۔
ان پروازوں میں صرف انہی مسافروں کو سفر کرنے کی اجازت دی جائے گی جو متحدہ عرب امارات کی حکومت کی طرف سے نافذ کئے داخلے اور اہلیت کے قوانین پر پورے اترتے ہوں۔
پاکستان میں ایمریٹس کے وائس پریذیڈنٹ محمد سرحان نے اس بارے میں بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم پاکستان سے دبئی کے لئے مسافروں کی شیڈول پروازوں کے آغاز پر خوش ہیں جس سے کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں موجود متحدہ عرب امارات کے پاکستانی صارفین اپنے دفاتر، کاروبار اور فیملیزکے پاس واپس جا سکیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم پشاور اور سیالکوٹ سے بھی آپریشنز کے آغاز کے لئے پاکستانی حکومت کے ساتھ بھرپور انداز سے کام کر رہے ہیں۔ ہم نے متعلقہ حکام کے تعاون کے ساتھ ایئرپورٹ پر حفظان صحت اور حفاظتی اقدامات میں اضافہ کیا ہے۔ اپنے صارفین، ملازمین اور کمیونٹی کی حفاظت و دیکھ بھال بدستور ہماری اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے کہا کہ دبئی کیلئے شیڈولڈ پروازوں کی شروعات کے ساتھ ایمریٹس بھرپور انداز سے حکومت پاکستان کے ساتھ کام کر رہا ہے تاکہ وطن واپسی کے خواہش مند پاکستانیوں کو خصوصی پروازوں کے ذریعے سہولت فراہم کی جائے۔
ایمریٹس کے وائس پریذیڈنٹ نے بتایا کہ رواں ہفتے ایئرلائن نے متحدہ عرب امارات میں محصور پاکستانی شہریوں کو لانے کے لئے دبئی سے کراچی اور اسلام آباد کے لئے دو خصوصی پروازیں چلائیں۔ ایئرلائن کے کارگو ڈیویژن ایمریٹس اسکائی کارگو نے ان خصوصی پروازوں میں ضروری سامان پہنچایا جن میں بنیادی ادویات، جلد خراب ہونے والی اشیاء، کپڑا اور کورئیر شپنٹس شامل ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ صحت اور حفاظت کی وجہ سے ان پروازوں پر فراہم کی جانے والی سروسز میں حکومت کے احکامات کے مطابق تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ ایمریٹس کے تمام جہازوں کی ہر سفر کے بعد دبئی میں خصوصی طور صفائی کی جاتی ہے اور جراثیم کش اجزاء کا بھی باقاعدگی سے استعمال کیا جاتا ہے