
پاکستان مسلح افواج قوم کی حمایت کیساتھ تمام خطرات سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔آرمی چیف
قومی حمایت سے مادر وطن کی علاقائی سالمیت اور خودمختاری کی حفاظت کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ جنرل عاصم منیر
راولپنڈی(نمائندہ خصوصی)گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ مسلح افواج قوم کی پرعزم حمایت کے ساتھ تمام خطرات سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کےمطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیرنے نارووال اور سیالکوٹ میں فیلڈٹریننگ مشقوں کا معائنہ کیا جہاں آرمی چیف کی آمد پر کورکمانڈر گوجرانوالہ اور انسپکٹر جنرل آف ٹریننگ اینڈایویلیوایشن نے ان کا استقبال کیا۔ائی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کو مشق کے مقاصد اور انعقادکے بارے میں جامع بریفنگ دی گئی جب کہ مشقوں کا مقصد ابھرتے آپریشنل چینلجز سے نمٹنے کے لیے پیشہ ورانہ مہارتوں اور میدان جنگ کا طریقہ کار بہتر بنانا تھا۔ائی ایس پی آر کے مطابق آرمر، انفنٹری، میکنائزڈانفنٹری، آرٹلری، ائیررڈیفنس، آرمی ایوی ایشن، اینٹی ٹینک گائیڈڈ میزائل یونٹس نے مربوط فائر اور مینیوورآپریشن کیے جب کہ برقی جنگی صلاحیتوں اور معلوماتی آپریشنز کے مؤثر استعمال کابھی مظاہرہ کیاگیا۔ائی ایس پی آر کے مطابق ان آپریشنز کو دشمن کے مواصلات میں خلل ڈالنے، جدید میدان جنگ کے ماحول میں غلط معلومات کی حکمت عملیوں کا مقابلہ کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا۔ائی ایس پی آر کا بتانا ہےکہ آرمی چیف نے دن فوجیوں کے ساتھ فیلڈ میں گزارا اور فوجی جوانوں کے تربیتی معیار، آپریشنل تیاری اور بلند حوصلے کی تعریف کی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے جنرل عاصم منیر نے کہا کہ مسلح افواج، قوم کی پرعزم حمایت کے ساتھ تمام خطرات سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہیں، قومی حمایت سے مادر وطن کی علاقائی سالمیت اور خود مختاری کی حفاظت کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔



