
چیئرمین مستقبل پاکستان کی ہندو برادری کو دیوالی کی مبارک باد
اقلیتیں پاکستان کا حسن اور ملکی دفاع کی ضامن ہیں:انجینئر ندیم ممتاز قریشی
امن و امان کے قیام کیلئے بین المذاہب ہم آہنگی اور رواداری کو فروغ دینا ہوگا:پیغام
حکومت اقلیتوں کا تحفظ یقینی بناتے ہوئے،سرکاری نوکریوں میں اقلیتی کوٹہ بڑھائے:گفتگو
بھارت کے مقابلے میں پاکستان میں موجود تمام اقلیتیں زیادہ محفوظ اور خوشحال ہیں:چیئرمین
چیئرمین مستقبل پاکستان انجینئر ندیم ممتاز قریشی نے ہندو برادری کو دیوالی کے پر مسرت موقع پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا کہ ملکی ترقی و خوشحالی کیلئے بین المذاہب ہم آہنگی اور رواداری کی اشد ضرورت ہے،پاکستان میں موجود تمام اقلیتوں کو مذہبی آزادی حاصل ہے اور یہ پاکستان کا حسن ہیں انہوں نے ہر مشکل وقت میں دشمن کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر محب وطن پاکستانی ہونے کا ثبوت پیش کیا ہے، ہم بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے ان اصولوں پر کاربند ہیں جن میں انہوں نے کہا تھا کہ پاکستان میں بسنے والے ہر شہری کو مذہبی آزادی کا مکمل حق حاصل ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ہندو برادری سمیت ملک میں موجود تمام اقلیتوں کی حفاظت اور انہیں بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے مگر اس میں ہر ایک شخص کو بھی کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ مذہبی شدت پسندوں اور خارجی دشمنوں کی کوئی بھی سازش کامیاب نہ ہوسکے۔انجینئر ندیم ممتاز قریشی نے کہا کہ مستقبل پاکستان ملک میں موجود تمام اقلیتوں کی حقوق کی پاسداری کررہی ہے اور ہمارا حکومت سے مطالبہ ہے کہ سرکاری نوکریوں میں اقلیتی کوٹے کو بڑھایا جائے اور نجی کمپنیوں کو پابند کیا جائے وہ اقلیتی کوٹہ مقرر کریں تاکہ ان میں موجود احساس محرومی کم ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے مقابلے میں پاکستان میں موجود اقلیتیں زیادہ محفوظ اور خوشحال ہیں کیونکہ وہاں ہندو توا پالیسیوں کی وجہ سے مسلمانوں کے ساتھ ساتھ سکھوں اور عیسائیو ں سمیت دیگر اقلیتوں کاجینے دو بھر ہوچکا ہے اور ان کا ہر طرح سے استحصال کیا جارہا ہے۔
میڈیا سیل مستقبل پاکستان



