چیئرمین مستقبل پاکستان کا مقبوضہ جموں وکشمیر میں ہونے والے نام نہاد انتخابات پر تحفظات

چیئرمین مستقبل پاکستان کا مقبوضہ جموں وکشمیر میں ہونے والے نام نہاد انتخابات پر تحفظات کا اظہار
بھارت مقبوضہ کشمیر میں جعلی انتخابات کا ڈھونگ رچا کر دنیا کو گمراہ کررہا ہے:انجینئر ندیم ممتاز قریشی
کشمیریوں کی مرضی اور خواہشات کو نظرانداز کرکے جو بھی فیصلہ کیا جائے گا وہ ناقابل قبول ہوگا:گفتگو
35 ہزار کشمیری پنڈتوں کو ووٹ ڈلوانے کی تیاری،ثبوت ہے کہ یہ انتخابات غیر منصفانہ ہیں:چیئرمین
بھارت جعلی انتخابات کا سہارا لے کر کشمیریوں کی رائے کو مسخ کرنے کی کوشش میں کامیاب نہیں ہوپائے گا
چیئرمین مستقبل پاکستان انجینئر ندیم ممتاز قریشی نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں ہونے والے نام نہاد انتخابات پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں جعلی انتخابات کا ڈھونگ رچا کر دنیا کو گمراہ کرنے کی ناکام کوشش کر رہا ہے،ان انتخابات کا مقصد صرف دنیا کے سامنے یہ ظاہر کرنا ہے کہ وہ کشمیر میں جمہوری عمل جاری رکھے ہوئے ہے، حالانکہ حقیقت میں کشمیری عوام پر ظلم و جبر کا سلسلہ جاری ہے اور ان کے بنیادی حقوق پامال کیے جا رہے ہیں، مقبوضہ کشمیر میں کشمیری عوام کی مرضی اور خواہشات کو نظرانداز کرتے ہوئے جو بھی فیصلہ کیا جائے گا وہ ناقابل قبول ہوگا، کشمیری گزشتہ 76سالوں سے بھارتی ظلم و ستم کا شکار ہیں اور انہیں حق خود ارادیت سے محروم رکھا جا رہا ہے، ایسے میں یہ انتخابات کسی بھی طور کشمیری عوام کی حقیقی نمائندگی نہیں کرتے بلکہ بھارتی حکومت کی جانب سے کشمیر کی زمین پر قبضہ برقرار رکھنے کا ایک اور حربہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے 35 ہزار کشمیری پنڈتوں کو ووٹ ڈلوانے کی تیاری اس بات کا ثبوت ہے کہ یہ انتخابات نہ صرف غیر منصفانہ ہیں بلکہ انہیں جانبدارانہ طریقے سے ترتیب دیا گیا ہے تاکہ کشمیری مسلمانوں کی آواز کو مزید دبایا جا سکے، عالمی برادری اور انسانی حقوق کے اداروں کو چاہیے کہ وہ بھارت کی ان غیر قانونی سرگرمیوں کا نوٹس لیں اور کشمیریوں کو ان کا جائز حق، یعنی حق خود ارادیت دلانے میں اپنا کردار ادا کریں۔انجینئر ندیم ممتاز قریشی نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اسے پاکستان سے جدا کرنے کی مودی سرکار کی کوئی بھی سازش کامیاب نہیں ہوپائے گی۔ انہوں نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی اور پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی سابقہ حکومت نے بھی کشمیریوں کے مسائل کو حل کرنے میں ناکامی کا مظاہرہ کیااور اب بھارت ایک مرتبہ پھر جعلی انتخابات کا سہارا لے کر کشمیری عوام کی رائے کو مسخ کرنے کی کوشش کر رہا ہے جس میں اسے منہ کی کھانی پڑے گی۔
میڈیا سیل مستقبل پاکستان
18-09-2024



