گجرات پولیس کے دو شہداء محمد غضنفر اور محمد نصیر کا یوم شہادت ان کے آبائی علاقوں میں سلامی
گجرات پولیس کے دو شہداء محمد غضنفر اور محمد نصیر کا یوم شہادت ان کے آبائی علاقوں میں سلامی اور دعائیہ تقریب کا اہتمام کیا گیا
تفصیلات کے مطابق آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کے احکامات کی روشنی میں پولیس شہداء کی ملک و قوم کے لئے قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔گجرات پولیس کے دو بہادر جوانوں شہید محمد غضنفر اور شہید محمد نصیر نے 1مارچ 1998میں تھانہ سول لائنز کے علاقہ مہمدہ چوک میں سماج دشمنوں کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش فرمایا تھا۔ ان عظیم شہداء کے یوم شہادت کے موقع پر ان کے آبائی علاقوں ڈھومیانہ چک اور قصبہ کیال میں شہداء کی قبروں پر حاضری دی گئی اوردعائیہ تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ جس میں ایس ایچ اوصدر سرائے عالمگیر فہد الرحمن،اے ایس آئی قمر علی،انچارج ویلفیئر برانچ سجاد احمد، شہداء کی فیملیز،دیگر پولیس افسران و اہل علاقہ نے شرکت کی۔گجرات پولیس کے چاق و چوبند دستوں نے شہداء کو سلامی دی۔دعائیہ تقریب میں شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ اس موقع پر شہداء کے لواحقین کی محکمہ پولیس کی طرف سے مالی امداد بھی کی گئی۔
ڈی پی او گجرات سید اسد مظفرنے کہا ہے کہ معاشرے کے ناسوروں کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے اپنی جانیں قربان کرنے والے عظیم شہداء کی لازوال قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا ہے۔



