ملکی ترقی اور قومی خوشحالی کیلئے ذاتی مفادات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے آگے بڑھنا ہوگا

ملکی ترقی اور قومی خوشحالی کیلئے ذاتی مفادات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے آگے بڑھنا ہوگا:انجینئر ندیم ممتاز قریشی
پاکستان میں سیاست تجارت اور اسمبلیاں مارکیٹ کا روپ دھار چکی ہیں جہاں سیاست دان اپنے کاروبار کو فروغ دے رہے ہیں:چیئرمین
پاکستان کے خراب معاشی حالات دنوں یا مہینوں میں اس نہج تک نہیں پہنچے بلکہ گزشتہ و موجودہ حکومتوں کی ناقص حکمت عملیوں کا نتیجہ ہے:گفتگو
ملکی مسائل میں کمی کے دعویدار قوم کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی بجائے ان کی حقیقی معنوں میں رہنمائی اور اپنی شہ خرچیوں میں کمی لائیں
ملتان چئیرمین مستقبل پاکستان انجینئر ندیم ممتاز قریشی نے کہا کہ ملکی ترقی اور قومی خوشحالی کیلئے ذاتی مفادات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے آگے بڑھنا ہوگا،پاکستان میں سیاست تجارت اور اسمبلیاں مارکیٹ کا روپ دھار چکی ہیں جہاں بیٹھ کر سیاست دان قانون سازی کی بجائے اپنی بھری ہوئی تجوریوں کو مزید بھرنے کی کوششوں میں مگن ہیں،پاکستان کے خراب معاشی حالات دنوں یا مہینوں میں اس نہج تک نہیں پہنچے بلکہ یہ گزشتہ کئی سالوں کی حکومتوں کی ناقص حکمت عملیوں اور ناکام پالیسیوں کے اثرات ہیں اب ان حالات کی تبدیلی کیلئے بھی دس سے پندرہ سالوں کا عرصہ درکار ہے وہ بھی اگر حکمران طبقہ خلوص نیت اور جذبہ حب الوطنی سے آگے بڑھے تو اگر نہیں تو پھر ملکی حالات ہر گزرتے دن کے ساتھ مزید بگڑتے چلے جائیں گے۔ان خیالات کا اظہار ملک کی موجودہ معاشی صورتحال کے حوالے سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ ملکی مسائل میں کمی کے دعویدار قوم کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی بجائے ان کی حقیقی معنوں میں رہنمائی کے ساتھ اپنی شہ خرچیوں میں کمی لائیں تاکہ ملک میں حقیقی تبدیلی اور معاشی ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر ہوسکے۔



