
عمران کی سزا کے ملکی معیشت پر برے اثرات پڑیں گے۔اعتزاز احسن
سزائیں دیتے وقت ملزم کو دفاع کاحق نہیں دیاگیا، اس لیے بانی پی ٹی آئی کی سزائیں ہائیکورٹ سےمعطل ہونی ہیں۔سینئر قانون دان
لاہور(نمائندہ نادیہ تبسم)گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کے مطابق سینئر قانون دان بیرسٹر اعتزاز احسن نے کہا ہےکہ عمران خان اور شاہ محمود کی سزا پر جگ ہنسائی ہوگی جب کہ ان سزاؤں سے ملکی معیشت پر برے اثرات پڑیں گے۔لاہور ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اعتزاز احسن نے کہا کہ سزائیں دیتے وقت ملزم کو دفاع کاحق نہیں دیاگیا، اس لیے بانی پی ٹی آئی کی سزائیں ہائیکورٹ سےمعطل ہونی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پراسیکیوشن کے وکلا کو ملزم کا وکیل مقرر کرایا گیا، سائفر کیس میں ملزم کے گواہوں کو نہیں بلوایا گیا اور ملزم کا 342 کابیان لیے بغیر سزا ہوئی، سائفر میں بانی پی ٹی آئی کے 342 کے بیان پران کے دستخط ہی نہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی اورشاہ محمود قریشی کی سزا پر جگ ہنسائی ہوگی، ملزمان کو بغیر موقع دیے سزادی جاتی ہے، اس سزا کے ملکی معیشت پر برے اثرات پڑیں گے۔اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ مریم نواز نے بھی توشہ خانہ سےگاڑیاں لیں اور فروخت کیں ان پر ایسا کوئی کیس نہیں بنایا گیا،ہم 70سال سے یہی ڈرامہ دیکھ رہے ہیں اس کو اب بند ہونا چاہیے، آج ایک پارٹی کے ساتھ یہ ہورہا ہے کل کسی اور سیاسی جماعت سےہوگا۔



