
صدر اور چیئرمین سینیٹ کا ایران میں دہشتگردوں کو مہارت سے نشانہ بنانے پر فوج کو خراج تحسین۔
پاکستان اپنی سرزمین کے دفاع کیلئے تمام ضروری اقدامات کرےگا، صدر علوی؛ پاکستان امن پسند قوم ہے لیکن اس عزم کو کمزوری کی علامت نہ سمجھا جائے۔صادق سنجرانی
اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے ایران میں دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو کامیابی سے نشانہ بنانے پر پاک فوج کی پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف کی ہے۔صدر عارف علوی نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان اپنی قومی سلامتی اور علاقائی سالمیت پر سمجھوتہ نہیں کرےگا، پاکستان اپنی سرزمین کے دفاع کیلئے تمام ضروری اقدامات کرے گا۔صدر مملکت نے دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنانے پر مسلح افواج کی پیشہ وارانہ مہارت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی مشترکہ چیلنج ہے جس کے خاتمے کیلئے عالمی کوششوں کی ضرورت ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان تمام ریاستوں کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا مکمل احترام کرتا ہے، اور دیگر ممالک سے بھی یہی توقع رکھتا ہےکہ بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی نہ کریں۔صدر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان اور ایران برادر ممالک ہیں، دونوں کو مسائل کو مذاکرات اور مشاورت سے حل کرنے کی ضرورت ہے۔دوسری جانب چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے بھی آپریشن "مرگ بر سرمچار” انجام دینے پر پاک فوج کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آپریشن مسلح افواج کی مثالی صلاحیت اور پیشہ ورانہ مہارت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔صادق سنجرانی نے کہا کہ پاکستان امن پسند قوم ہے لیکن اس عزم کو کمزوری کی علامت نہ سمجھا جائے، آپریشن "مرگ بر سرمچار” کی کامیابی دشمن قوتوں کے لیے ایک پیغام ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، پوری قوم پاکستانی مسلح افواج کی لگن اور بہادری کو سلام پیش کرتی ہے۔



