
مشرق وسطی میں تنازعات کے پھیلنے کا خطرہ بڑھ رہا۔فرانسیسی وزیر خارجہ
پیرس اسرائیل اور لبنان کے درمیان کشیدگی کو کم کرنے کیلئے سفارتی حل تلاش کر رہا ہے۔کیتھرین کولونا
پیرس(نمائندہ احسان اللہ)گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کے مطابق فرانسیسی وزیر خارجہ کیتھرین کولونا نے کہا ہے کہ مشرق وسطی میں تنازعات کے پھیلنے کا خطرہ بڑھتا جا رہا ہے۔تفصیلات کے مطابق انہوں نے کہا کہ لبنان اسرائیل سرحد پر کشیدگی بہت خطرناک ہے پیرس اسرائیل اور لبنان کے درمیان کشیدگی کو کم کرنے کے لیے سفارتی حل تلاش کر رہا ہے۔کیتھرین کولونا نے مزید کہا کہ ایران اور اس کی ملیشیاں کو خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی سے گریز کرنا چاہیے، فرانسیسی وزیر خارجہ نے لبنانی فوج کے کمانڈر کی توسیع کے اقدامات کی تعریف بھی کی تاہم انہوں نے کہا کہ یہ اقدامات ابھی ناکافی ہیں۔انہوں نے تمام لبنانی جماعتوں پر زور دیا کہ وہ جلد از جلد صدر کے انتخاب کے لیے کام کریں، لبنان کے اپنے دورے کے دوران کیتھرین کولونا نے لبنان کے وزیر اعظم نجیب میقاتی اور پارلیمنٹ کے سپیکر نبیہ بری کے ساتھ اپنی ملاقاتوں کے دوران تحمل اور ذمہ داری کو اپنانے پر زور دیا۔ملاقات کے دوران لبنانی وزیراعظم نجیب میقاتی نے لبنان کے خلاف اسرائیلی جارحیت کو روکنے اور قرارداد 1701پر عمل درآمد کو ترجیح دینے کا کہا اور اسرائیل پر زور دیا کہ اس قرار داد کی شرائط پر عمل کرے کیتھرین کولونا نے کہا کہ جنوبی سرحد پر دونوں طرف سے کشیدگی کو کم کرنے اور ایسا حل تلاش کرنے کے لیے ایک ایسا طریقہ کار تلاش کرنا ضروری ہے جو جنوب میں مستقل استحکام کے قیام کا پیش خیمہ ثابت ہو۔



