خانگڑھ : 35 سال سے ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ میں جعلی بھرتی ہو کر بھاری مراعات لینے والے ٹیچر کا انکشاف

خانگڑھ : 35 سال سے ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ میں جعلی بھرتی ہو کر بھاری مراعات لینے والے ٹیچر کا انکشاف، مظفرگڑھ ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ لاعلم، نشاندہی کے بعد معاملہ دبانے کی کوشش۔تفصیل کے مطابق محکمہ تعلیم مظفرگڑھ میں جعلی ٹیچر بھرتی ہونے کا انکشاف ہوا ہے اس ضمن میں ذرائع کے مطابق گورنمنٹ مڈل ماڈل سکول خانگڑھ میں عرصہ دراز سے تعینات ٹیچر محمدشفیع ولد عبدالکریم 1987 میں بطور کنٹریکٹ ٹیچر بھرتی ہوا اور دوسال بعد کنٹریکٹ ختم ہونے پر نکال دیا گیا مگر مذکورہ ٹیچر نے ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ مظفرگڑھ کے کلرکس سے مبینہ ملی بھگت کرتے ہوئے مستقلی کے جعلی آرڈر نمبر 1899 تیار کرکے ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کو ماموں بنا کر اپنی جعلی نوکری بحال کرکے مراعات لینا شروع کردیں اور ترقیاں حاصل کرتے کرتے 35 سال سے تاحال بھاری تنخواہیں لے رہا ہے اور اندازے کے مطابق کروڑوں روپے کی تنخواہیں حاصل کرچکا ہے جب اس بابت سی ای او ایجوکیشن مظفرگڑھ کو درخواست میں نشاندہی کی گئی تو جعلی ٹیچر نے مبینہ طور پر سیاسی دباؤ سے اپنے خلاف انکوائری بند کرادی ہے ۔

وزیراعلیٰ پنجاب کے نام پر دی جانے والی خفیہ درخواست میں درخواست گزار نے فوری تحقیقات کرانے اور جعلی ٹیچر سے مراعات واپس لیکر دھوکہ دہی اور فراڈ کا مقدمہ درج کرکے گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے



