
جہلم : ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ڈاکٹر وقار علی خان کی زیر صدارت ممکنہ سیلاب کے پیشِ نظر ڈسٹرکٹ ڈزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی اور عید الاضحی پر سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس منعقد ہوا۔ انجینئر سعید احمد ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122 نے سیلابی صورتحال میں پیدا ہونے والے حالات پر بریفنگ دی۔جس میں سیلابی صورتحال میں لوگوں کو ریسکیو کرنے کے حوالے سے فلڈ سیکٹرز کی تشکیل،ریسکیوز کی سیلاب زدہ علاقوں میں تعیناتی، ہنگامی حالات میں لوگوں کو انخلا،ڈوبتے ہوئے لوگوں کو بچانے اور ان کو فرسٹ ایڈ فراہم کرنے جیسے اقدامات کا بتایا گیا۔ بعد ازاں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو نے عید پر لگائی گئی مویشی منڈیوں ،شہر کی صفائی ستھرائی ، سکیورٹی ودیگر انتظامات بارے میں بھی تفصیلی بریفنگ لی۔ انہوں نے کہا کہ عیدکے دنوں میں ضلع بھر کی گلیاں،روڈز ،عیدگاہوں ودیگر مقامات کی صفائی ستھرائی اور سیکیورٹی کے بہترین انتظامات کئے جائیں،انہوں نے محکمہ پولیس کو ہدایت کی کہ اس موقع پر ضلع بھر میں ٹر یفک اور پارکنگ کا خصوصی پلان مر تب کیا جائے تاکہ ٹریفک کی روانی میں خلل پیش نہ آئے اور کرونا ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کو بھی یقینی بنایا جائے۔ اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر دینہ، محکمہ ہیلتھ، سول ڈیفنس، پولیس، تمام تحصیلوں کے میونسپل افسران سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی
رپورٹ:چوہدری عابد حسین بیورو چیف جہلم



