راولپنڈی(افتخار خٹک) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج راولپنڈی ناصر حسین سے راولپنڈی ڈسٹرکٹ بار ایسوسی

راولپنڈی(افتخار خٹک) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج راولپنڈی ناصر حسین سے راولپنڈی ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے نو منتخب عہدیداران نے ملاقات کی۔ ملاقات میں صدر راولپنڈی ڈسٹرکٹ بار طارق محمود ساجد اعوان، جنرل سیکرٹری قمر الحق نیازی، نائب صدر شازیہ یاسین ہاشمی، جوائنٹ سیکرٹری احسن سلیم منج اور دیگر عہدیداران شریک تھے۔اس موقع پر
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ناصر حسین نے نو منتخب عہدیداران کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ انہیں امید ہے نئی قیادت بار اور بینچ کے درمیان روابط کو مزید مضبوط کرے گی اور راولپنڈی کے وکلا کو درپیش مسائل کے حل کے لیے مؤثر اور عملی اقدامات کرے گی۔صدر بار طارق محمود ساجد اعوان اور جنرل سیکرٹری قمر الحق نیازی نے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ناصر حسین کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کی حوصلہ افزائی اور تعاون پر دل کی گہرائیوں سے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے چاہا تو راولپنڈی بار کے وکلا ء کی فلاح و بہبود، بار کی ترقی اور نظامِ انصاف کی بہتری کے لیے ہر ممکن کردار ادا کیا جائے گاانہوں نے مزید کہا کہ بار اور بینچ کو مثبت سوچ اور باہمی احترام کے ساتھ آگے بڑھنا چاہیے تاکہ تمام
درپیش مسائل کو مشاورت اور تعاون سے حل کیا جا سکے اور اس تعلق کو ایک مثالی صورت دی جا سکے۔ نو منتخب عہدیداران کا کہنا تھا کہ راولپنڈی بار کے وکلا نے ہمیشہ آئین و قانون کی بالادستی کے لیے جدوجہد کی ہے اور آئندہ بھی قانون کی حکمرانی کے لیے عدلیہ کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ نئے آنے والے وکلا ء کو درپیش
پیشہ ورانہ و قانونی مسائل کے حل اور ان کی رہنمائی کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں گے تاکہ وہ اپنے پیشہ ورانہ سفر کا کامیاب اور مضبوط آغاز کر سکیں۔ملاقات کے اختتام پر
صدر بار طارق محمود ساجد اعوان اور جنرل سیکرٹری قمر الحق نیازی نے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ناصر حسین کو راولپنڈی ڈسٹرکٹ بار کے دورے کی باضابطہ دعوت بھی دی۔




