سندھ

جامعہ کراچی اورٹی سی ایف کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط

*جامعہ کراچی اورٹی سی ایف کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط*

کراچی (رپورٹ: جاوید صدیقی) جامعہ کراچی اور دی سٹیزنز فاؤنڈیشن (ٹی سی ایف) کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب گزشتہ روز وائس چانسلر سیکریٹریٹ جامعہ کراچی میں منعقد ہوئی۔مفاہمتی یادداشت پر جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمودعراقی اور ٹی سی ایف کی جنرل مینجر صدف حسن نے دستخط کئے۔ مذکورہ معاہدے کے تحت ٹی سی ایف کے باصلاحیت اور مستحق طلبہ (المنائی) کو جامعہ کراچی کے مختلف انڈرگریجویٹ پروگراموں میں داخلے کے عمل میں مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔ تقریب میں ٹی سی ایف کی تزین ارسلان، مریم انیس الرحمن،ٹی سی ایف کے دیگر نمائندے، جامعہ کراچی کے ڈائریکٹر ایوننگ پروگرام پروفیسر ڈاکٹر سیدشبیب الحسن، رئیس کلیہ فنون و سماجی علوم جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر ثمینہ سعید، رئیس کلیہ علوم پروفیسر ڈاکٹر بلقیس گل، رئیس کلیہ نظمیات و انتظامی علوم پروفیسر ڈاکٹر زعیمہ اسرار محی الدین، رئیس کلیہ علم الادویہ پروفیسر ڈاکٹر محمد حارث شعیب، انچارج ڈائریکٹوریٹ آف ایڈمیشنز پروفیسر ڈاکٹر صائمہ اختر، انچارج اسٹوڈنٹس فنانشل ایڈ آفس پروفیسر ڈاکٹر ذی اسما حنیف خان، ڈائریکٹر آفس آف ریسرچ اینوویشن اینڈ کمرشلائزیشن جامعہ کراچی ڈاکٹر سیدہ حورالعین، ان کی ٹیم اور دیگر بھی موجود تھے۔ اس موقع پر صدف حسن نے بتایا کہ ٹی سی ایف ایک پیشہ ورانہ طور پر چلائی جانے والی، غیر منافع بخش تنظیم ہے جسے 1995 میں تعلیم کے شعبے کی ابتر صورتحال کے پیش نظر قائم کیا گیا تھا۔ آج یہ تنظیم ملک میں معیاری تعلیم کے فروغ کے لیے نمایاں کردار ادا کر رہی ہے۔ ٹی سی ایف اب تک ملک بھر میں 2,033 سے زائد جدید اسکول یونٹس قائم کرچکی ہے جن میں 3 لاکھ 1 ہزار طلبہ زیر تعلیم ہیں۔ صدف حسن نے مزید بتایا کہ ہر سال 8,000 سے زائد طلبہ میٹرک مکمل کرتے ہیں اور ٹی سی ایف ان کی اعلیٰ تعلیم کے سفر میں مدد جاری رکھے ہوئے ہے۔ 2013 سے اب تک 7,000 سے زائد ٹی سی ایف کے سابق طلبہ (المنائی) پاکستان کی مختلف جامعات میں داخلہ حاصل کر چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اب تک جامعہ کراچی سے ٹی سی ایف کے سابق طلبہ (المنائی) اپنی تعلیم مکمل کر چکے ہیں، جبکہ 10 نئے ٹی سی ایف کے فارغ التحصیل طلبہ (المنائی) جامعہ میں زیر تعلیم ہیں۔ مجموعی طور پر 142 ٹی سی ایف کے فارغ التحصیل طلبہ اب تک جامعہ کراچی کا حصہ بن چکے ہیں۔ جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی، ڈائریکٹر ایوننگ پروگرام اور تمام روئسائے کلیہ جات نے ٹی سی ایف کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیم کی طرف لانے کا ایک مثالی ماڈل ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیگر اداروں کو بھی ٹی سی ایف کی طرح مثبت اقدامات کرتے ہوئے زیادہ سے زیادہ بچوں اور نوجوانوں کو اسکول، کالج اور یونیورسٹی تک رسائی یقینی بنانی چاہیئے۔

Mehr Asif

Chief Editor Contact :03315456655 03005441090

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

I am Watching You