نوابشاہ (رپورٹ. انور عادل خانزادہ)وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مدد علی شاہ کی ہدایت پر شہید بینظیر

نوابشاہ (رپورٹ. انور عادل خانزادہ)وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مدد علی شاہ کی ہدایت پر شہید بینظیر بھٹو یونیورسٹی، شہید بینظیر آباد کے فیمیل اسٹوڈنٹس ویلفیئر آفس کی جانب سے خواتین میں چھاتی کے سرطان (بریسٹ کینسر) سے متعلق آگاہی سیمینار منعقد کیا گیا۔ سیمینار میں یونیورسٹی کے مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والی طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔سیمینار سے چھاتی کے سرطان کی ماہر ڈاکٹر سردار خاتون چانڈیو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چھاتی کا سرطان خواتین میں سب سے عام اور خطرناک بیماریوں میں سے ایک ہے، لیکن اگر اس کی بروقت تشخیص اور علاج کیا جائے تو اس پر مکمل طور پر قابو پایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو چاہیے کہ وہ ہر ماہ خود معائنہ کرنے کی عادت اپنائیں اور کسی بھی غیر معمولی تبدیلی کی صورت میں فوراً ڈاکٹر سے رجوع کریں۔ڈاکٹر سردار خاتون نے مزید کہا کہ چھاتی کے سرطان کے بارے میں آگاہی، باقاعدہ طبی جانچ اور صحت مند طرزِ زندگی اختیار کرنے سے بے شمار خواتین کی زندگیاں بچائی جا سکتی ہیں۔ سیمینار کے دوران ایک پریزنٹیشن کے ذریعے عملی مظاہرے بھی پیش کیے گئے جن میں طالبات کو خود معائنے کے طریقہ کار سے آگاہ کیا گیا۔اس آگاہی سیمینار میں خواتین کی فلاح و بہبود کے لیے کام کرنے والی سماجی تنظیم "انر وِیل کلب شہید بینظیر آباد” کی سرکردہ اراکین ڈاکٹر نوشین نورانی، ڈاکٹر نازیہ معین، ڈاکٹر نسیم سومرو، ڈاکٹر رقیہ وگھن، ڈاکٹر فریحہ، ڈاکٹر شمیم بروہی، خیرالنساء راہو، نسیم چانڈیو، ایڈووکیٹ صنم، کوثر میمن، وفا جلبانی اور دیگر خواتین بھی شریک تھیں۔آخر میں فیمیل اسٹوڈنٹس ویلفیئر آفیسر راشده پٹھان نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی سرگرمیاں یونیورسٹی میں زیرِ تعلیم طالبات میں صحت کے شعور اور آگاہی بڑھانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔



