تورغر میں سیرت النبی کانفرنس وجشن یومِ ولادت النبی کے حوالے سے اجلاس منعقد۔

تورغر میں سیرت النبی کانفرنس وجشن یومِ ولادت النبی کے حوالے سے اجلاس منعقد۔
عوام الناس کو ان تقریبات میں بھرپور شرکت کی دعوت دی جائے گی۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر علی شیر خان
تورغر(نمائندہ خصوصی) گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کے مطابق صوبائی حکومت کی ہدایات کے مطابق ضلع تورغر میں سیرت النبی ﷺ کانفرنس اور 1500 ویں یومِ ولادت النبی ﷺ کی تقریبات کو شایانِ شان طریقے سے منانے کے لیے آج ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ، علی شیر خان نے کی۔اجلاس میں ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر ریونیو، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (میل و فی میل)، ٹی ایم او، ایڈیشنل ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ، ڈسٹرکٹ یوتھ آفیسر سمیت دیگر محکموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔اجلاس میں ضلعی انتظامیہ اور محکمہ جات کو ہدایت کی گئی کہ سیرت النبی ﷺ کانفرنس کو کامیاب بنانے کے لیے تمام تر انتظامات بروئے کار لائے جائیں۔تمام محکموں کو اس بات کا پابند بنایا گیا کہ وہ نہ صرف اپنی سطح پر تقریبات کا انعقاد کریں بلکہ عوام الناس کی شمولیت کو بھی یقینی بنائیں۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر علی شیر خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 1500 ویں یومِ ولادت النبی ﷺ ایک تاریخی موقع ہے جسے بھرپور عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جائے گا۔ اس موقع پر ضلع بھر میں تقریبات، محافلِ میلاد، حسن قرأت اور نعتیہ مشاعروں کا انعقاد کیا جائے گا تاکہ نئی نسل کو سیرتِ طیبہ ﷺ سے روشناس کرایا جا سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت کی ہدایات کے مطابق تمام اضلاع میں عشرہ رحمت اللعالمین ﷺ کے عنوان سے خصوصی تقریبات منعقد کی جا رہی ہیں۔ ضلع تورغر میں بھی تعلیمی اداروں، مساجد، عوامی مقامات اور کمیونٹی ہالز میں مختلف نوعیت کے پروگرامز ترتیب دیے جائیں گے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تمام سرکاری و نجی ادارے 1500 ویں یومِ ولادت النبی ﷺ کی مناسبت سے تقریبات منعقد کریں گے۔ تعلیمی اداروں میں سیرت النبی ﷺ کے موضوع پر تقریری مقابلے، نعتیہ مشاعرے اور محافل کا اہتمام کیا جائے گا۔ ضلعی و تحصیل سطح پر محافلِ میلاد اور کانفرنسز منعقد ہوں گی۔عوام الناس کو ان تقریبات میں بھرپور شرکت کی دعوت دی جائے گی۔اجلاس کے اختتام پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے تمام محکموں کو ہدایت کی کہ وہ فوری طور پر اپنے اپنے پلان تیار کرکے ضلعی انتظامیہ کو پیش کریں تاکہ ضلع بھر میں ان بابرکت تقریبات کا انعقاد بھرپور انداز میں کیا جا سکے۔



