ہومیوپیتھک ڈاکٹرز فاؤنڈیشن کے وفد کی ڈاکٹر علی محمد سے ملاقات

ہومیوپیتھک ڈاکٹرز فاؤنڈیشن کے وفد کی ڈاکٹر علی محمد سے ملاقات

ملک میں جدید ہومیوپیتھک ہسپتال کے قیام پر تفصیلی مشاورت، تعاون کی یقین دہانی
جہلم (محمد زاہد خورشید ) ہومیوپیتھک ڈاکٹرز فاؤنڈیشن کے وفد کی ڈاکٹر علی محمد سے ملاقات۔ ڈاکٹر واصف حسین انفارمیشن سیکریٹری HDF پاکستان
ہومیوپیتھک ہسپتال کے قیام پر مشاورت
ہومیوپیتھک ڈاکٹرز فاؤنڈیشن HDF پاکستان کے ایک اعلیٰ سطحی وفد جس میں ڈاکٹر محمد رمضان جنجوعہ صدر، ڈاکٹر فدا حسین کوآرڈینیٹر HDF پاکستان، ڈاکٹر حزب اللہ نائب صدر HDF راولپنڈی، ڈاکٹر محمد عامر صدر HDF تحصیل کہوٹہ، ڈاکٹر یار محمد عامر اور ڈاکٹر انعام الحق صاحب نے ہومیوپیتھی کے لیجنڈ اور سینئر معالج ڈاکٹر علی محمد صاحب سے ملاقات کی۔ ملاقات میں ملک میں معیاری طبی سہولیات کے فروغ اور خاص طور پر ہومیوپیتھک ہسپتال کے قیام سے متعلق تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
وفد نے ڈاکٹر علی محمد صاحب کو ہومیوپیتھک ڈاکٹرز فاؤنڈیشن کے اغراض و مقاصد سے آگاہ کیا اور بتایا کہ فاؤنڈیشن عوام کو سستی، مؤثر اور قدرتی علاج کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ اس موقع پر مجوزہ ہومیوپیتھک ہسپتال کے قیام، اس کے ڈھانچے، خدمات، تربیتی کردار اور عوامی فائدے پر بھی گفتگو کی گئی۔
ڈاکٹر علی محمد صاحب نے ہومیوپیتھک ڈاکٹرز فاؤنڈیشن کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہومیوپیتھک ہسپتال کا قیام نہ صرف مریضوں کے لیے ایک بڑی سہولت ہوگا بلکہ نوجوان ہومیوپیتھک ڈاکٹرز کی عملی تربیت میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے اس منصوبے کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی اور قیمتی تجاویز بھی پیش کیں۔
وفد کے ارکان نے ڈاکٹر علی محمد صاحب کے تجربے اور رہنمائی کو فاؤنڈیشن کے لیے باعثِ اعزاز قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ان کی سرپرستی میں یہ منصوبہ جلد عملی شکل اختیار کرے گا۔ ملاقات خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی اور مستقبل میں باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔



