سندھ

کراچی پریس کلب کی جانب سے ممبران اور فیملی کیلئے فیملی فن گالا 2023 کا انعقاد کیا گیا

کراچی پریس کلب کی جانب سے ممبران اور فیملی کیلئے فیملی فن گالا 2023 کا انعقاد کیا گیا

کوشش ہوتی ہے کہ کلب کے ممبران اور ان کے اہل خانہ کے لیے ایسی سرگرمیوں کا انتظام کیا جائے تاکہ وہ پرسکون لمحات گذار سکیں، صدر کے پی سی سعید سربازی

بچوں کے چہروں پر مسکراہٹ دیکھ کر بے انتہا خوشی ہورہی ہے، صرف فن گالا ہی نہیں ممبران کی فیملیز کے مزید پروگرامز کا بھی انعقاد کرینگے، سیکریٹری کے پی سی شعیب احمد خان

اس تقریب کا ہمیں پورا سال انتظار رہتا ہے، یہاں ہم مختلف جھولوں اور اچھے کھانوں سے لطف اندوز ہوتے ہیں، شریک بچوں کے تاثرات

کراچی (رپورٹ: جاوید صدیقی) کراچی پریس کلب کی ہمیشہ سے روایت رہی ہے کہ وہ نہ صرف اپنے ممبران بلکہ انکی فیملیز کیلئے بھی ایسے پروگرامز کا انعقاد کرتا ہے، جس سے وہ اپنی پیشہ وارانہ زندگی کے مشکل لمحات کچھ وقت کیلئے دور رکھ کر پرسکون ماحول میں اپنی فیملیز کیساتھ وقت گذار سکیں۔ کراچی پریس کلب کا سالانہ فیملی فن گالا اب ایک روایت بن گئی ہے، جسکا ممبران اور انکے گھروالوں کو پورے سال انتظار رہتا ہے۔ کلب کے صدر سعید سربازی، سیکرٹری شعیب احمد خان جوائنٹ سیکرٹری اور چیف آرگنائزر محمد اسلم خان نے اس فیملی فن گالہ کو یادگار بنانے کیلئے بھرپور انتظامات کئے تھے، جس میں انتظامی کمیٹی میں شامل تمام ارکان نے بھی اپنا حصہ ڈالا۔ فیملی فن گالا میں شریک بچوں کے چہرے خوشی سے چمک رہے تھے اور بچوں کو خوش دیکھ کر انکے والدین ان سے زیادہ خوش تھے۔ بچوں نے مختلف جھولوں میں اپنی دلچسپی کا اظہار کیا اور پریس کلب کے فضا انکے قہقہوں سے گونجتی رہی۔ صدر پریس کلب سعید سربازی، سیکرٹری شعیب احمد خان فیملی فن گالا کے موقع پر انتہائی متحرک رہے اور اپنی نگرانی میں تمام سرگرمیوں اور انتظامات کا جائزہ لیتے رہے۔ انہیں بس یہی فکر لاحق تھی کہ کسی چیز کی کوئی کمی نہ رہ جائے۔ فیملی فن گالا میں شیما کرمانی نے فلسطین میں جاری اسرائیلی جارحیت کے خلاف اور مظلوم فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے خصوصی اسٹیج ڈرامہ پیش کیا جبکہ غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت کو اجاگر کرنے کے بچوں کے تصویری مقابلے بھی کروائے گئے۔ پریس کلب انتظامیہ کی جانب سے ممبران کیلئے محفل سماع کا انعقاد بھی کیا گیا جس میں معروف قوال حضرات نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا اور سماع باندھ دیا جبکہ بچوں کیلئے مختلف کھیلوں کی سرگرمیوں کا انتظام بھی گیا۔ انتظامیہ کی جانب سے ممبران کو تحائف بھی دیئے گئے۔ فیملی فن گالہ میں شریک بچوں کا کہنا تھا کہ اس تقریب کا ہمیں پورا سال انتظار رہتا ہے۔ یہاں ہم مختلف جھولوں اور اچھے کھانوں سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔ کراچی پریس کلب کے صدر سعید سربازی اور سیکرٹری شعیب احمد خان کا کہنا تھا کہ ہم اپنی بھرپور کوشش کرتے ہیں کہ کلب کے ممبران اور انکے اہل خانہ کیلئے ایسی سرگرمیوں کا انتظام کیا جائے تاکہ وہ پرسکون لمحات گذار سکیں۔ آج ہیں ان بچوں کے چہروں پر مسکراہٹ دیکھ کر بے انتہا خوشی ہورہی ہے۔ ہم صرف فن گالا ہی نہیں ممبران کی فیملیز کے مزید پروگرامز کا بھی انعقاد کرینگے۔ معزز مہمان گرامی جو اس فن گالا سے کافی متاثر نظر آرہے تھے انکا کہنا تھا کہ صحافیوں سمیت معاشرے کے ہر فرد کیلئے اس طرح کی سرگرمیاں بہت ضروری ہیں۔ ایسی سرگرمیوں کے صحت اور ذہن پر اچھے اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ اس موقع پر پریس کلب کے صدر سعید سربازی، نائب صدر مشتاق سہیل، سیکرٹری شعیب احمد خان، فیملی گالا کے چیف آرگنائزراور جوائنٹ سیکرٹری محمداسلم خان، خازن احتشام سعید قریشی اور گورننگ باڈی کے ارکان شمس کیریو، فاروق سمیع، کلثوم جہاں، رفیق بشیر، رمیز وہرہ، ذوالفقار راجپر، ذوالفقار واہوچو اور دیگر نے پروگرام کو کامیاب بنانے کیلئے شب و روز محنت کی جس پر پریس کلب کے ممبران کی جانب سے ان افراد کو زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا۔ تقریب میں ڈائریکٹر جنرل پاکستان انفارمیشن ڈپارٹمنٹ کراچی ارم تنویر، ڈی جی انفارمیشن حکومت سندھ سلیم خان، ڈی جی ایل ڈی اے شبیہ الحسن۔ ڈپٹی کمشنر سائوتھ الطاف ساریو، چیئرمین اسٹار مارکیٹنگ واثق نعیم، سوئی سدن گیس کمپنی کے کارپوریٹ ہیڈ برائے کمیونیکیشن سلمان اے صدیقی، پبلک ریلیشن آفیسر ہدیٰ شیخ، پی آر او کے پی ٹی شارق امین فاروقی، حبیب بینک لمیٹڈ کے کارپوریٹ ہیڈ برائے کمیونیکیشن فرحان احمد، پولانی ٹریولز کے چیئرمین یحییٰ پولانی، مہران آئس کریم کے سی ای او رضوان، حبیب بینک مائیکرو فائنانس بینک کے کارپوریٹ کمیونیکیشن ہیڈ حیدر معیز، جازا فوڈز کے مارکیٹنگ ہیڈ فرحان ناصر، مغل انٹر پرائزز کے سی او مزمل مغل اور وائلڈ وپنچرز پارک کے سی او قادر بخش کلمتی خصوصی طور پر شریک ہوئے اور پروگرام سے لطف اندوز ہوئے۔ اس موقع پر مہمان گرامی نہ صرف بچوں اور بڑوں میں گھل مل گئے بلکہ ان کے ساتھ سیلفیاں بنواتے ہوئے بھی نظر آئے جبکہ انہوں نے پریس کلب کی حلیم اور بریانی کا بھی لطف اٹھایا۔

Mehr Asif

Chief Editor Contact :03315456655 03005441090

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

I am Watching You