سندھ

کراچی میں بین المذاہب ہم آہنگی اور پسماندہ طبقات کی خود مختاری کے لیے اہم قدم

کہا جاتا ہے کہ لوگوں کی طاقت سے بڑی، بڑی تبدیلیا‌ں لائی جا سکتی ہیں۔ جب محروم طبقے اکٹھے ہوتے ہیں، تو انہیں کوئی جدا نہیں کر سکتا۔ اصل طاقت ایک دوسرے کے ساتھ مِل جُل کر رہنے اور کام کرنے میں ہے۔

کراچی کے پسماندہ علاقے عیسٰی نگری میں بھی کچھ ایسا ہی ہوا ہے، شہر قائد کی اس پسماندہ کچی بستی کے کمزور اور محروم طبقے کی بھلائی کے لیے،مورخہ 25 اکتوبر 2024 کو ایک کمیونٹی بیسڈ آرگنائزیشن (CBO) تشکیل دی گئی ہے۔ اس تنظیم سازی کی افتتاحی تقریب کا انعقاد عیسٰی نگری کے جیسس اینڈ میری نرسنگ انسٹیٹیوٹ میں ہوا، جس میں علاقہ مکین اور مقامی رہنما(بشمول ویلفیئر کالونی) ایک مضبوط اور خودمختار کمیونٹی بنانے کے عزم کے ساتھ جمع ہوئے۔

کراچی واٹر اینڈ سیوریج سروسز امپروومنٹ پروجیکٹ (کے ڈبلیو ایس ایس آئی پی) نے کچی آبادیوں کے پانی اور سیوریج کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے یہ CBO قائم کی ہے۔

کے ڈبلیو ایس ایس آئی پی کا کچی آبادیوں کا یہ پروجیکٹ ضلع شرقی کے علاقے عیسٰی نگری اور ضلع وسطی کے صوبہ نگر میں واٹر، سینی ٹیشن، اور ہائجین (WASH) کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے کام کر رہا ہے، اس کے ساتھ ساتھ کمیونٹی کی فعال شمولیت کے ذریعے پائیدار تبدیلیاں لانے کا بھی خواہاں ہے۔

کمیونٹی بیسڈ آرگنائزیشن کے قیام کے بعد، عیسٰی نگری کو ایک ایسا پلیٹ فارم مل گیا ہے جس کے ذریعے مقامی مسائل کو حل کیا جا سکتا ہے، واضح رہے کہ رواں ماہ کے شروع میں صوبہ نگر میں بھی اس کمیونٹی تنظیم کا قیام عمل میں لایا جا چکا ہے۔

عیسٰی نگری میں قائم کی جانے والی CBO کے اراکین میں، شمشاد شاہد بطور صدر، یعقوب قریشی سینئر نائب صدر، فوزیہ رابرٹ اور حافظ محمود نائب صدر، سجاد قریشی جنرل سیکرٹری، مقبول ایمس فنانس سیکرٹری، دینا اشعر انفارمیشن سیکرٹری، ستارہ شبیر جوائنٹ انفارمیشن سیکرٹری، اقبال خورشید آفس سیکرٹری، اور شمون پیٹر جوائنٹ آفس سیکرٹری کے فرائض انجام دیں گے۔

یہ ٹیم کمیونٹی کو مضبوط بنانے، پروجیکٹ کی نگرانی کرنے، اور پانی و سیوریج کے نظام کو برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔ اس کے علاوہ، CBO کمیونٹی کے مسائل کو حل کرنے، رہائشیوں کے درمیان رابطے کو بہتر بنانے، اور اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر کمیونٹی کے مسائل حل کرنے میں مدد دے گی۔ CBO کا مقصد ایک ایسی بااختیار کمیونٹی کا قیام ہے جو اپنے مسائل حل کرنے اور اپنے مستقبل کو بہتر بنانے کے لیے پوری طرح تیار ہو۔

اس موقع پر نو منتخب صدر شمشاد شاہد کا کہنا تھا کہ، "ہماری طاقت ہمارے اتحاد میں ہے۔ ہم مل کر اپنے مسائل حل کر سکتے ہیں اور عیسٰی نگری کے بہتر مستقبل کی راہ ہموار کر سکتے ہیں۔”

عیسٰی نگری کے مذہبی رہنما پادری سجاد صادق نے کہا، "مسلمان اور عیسائی کمیونٹیز ہمارے علاقوں کو بہتر بنانے کے لیے مل کر کام کر رہی ہیں۔ عیسٰی نگری بین المذاہب ہم آہنگی کی ایک اچھی مثال بن رہا ہے۔”

جیمز واٹ، جنہوں نے تقریب کے لیے جگہ فراہم کی، نے اس نیک مقصد کے لیے اپنی حمایت کا اظہار کرتے ہوئے کہا، "میں عیسٰی نگری کے رہائشیوں کی بھلائی کے لیے کام کرنے کا عزم رکھتا ہوں اور پروجیکٹ کے مقاصد کے حصول کے لیے اپنی خدمات جاری رکھوں گا۔” علاقے کے دیگر رہائشیوں نے بھی کہا، "CBO کے ذریعے ہمیں آخر کار ایک ایسا پلیٹ فارم مل گیا ہے جس کے ذریعے ہم اپنے مسائل کو حل کرنے اور اپنی زندگی بہتر بنانے کے لیے آواز اٹھا سکتے ہیں۔”

تقریب کی مہمان خصوصی کےڈبلیوایس ایس آئی پی کی حمیدہ کلیم نے نئے تنظیمی اراکین کو مبارکباد دی اور ان کی صلاحیت پر اعتماد کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا، ” ہماری اس CBO سے بہت امیدیں وابستہ ہیں اور ہمیں یقین ہے کہ یہ کمیونٹی کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی ۔” دیگر معزز مہمانوں میں شامل، خالق مٹھو اور پادری رفاقت صادق نے بھی کمیونٹی کی ترقی اور CBO کی کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

کچی آبادی پروجیکٹ ٹیم کے اراکین، حسن فرید، اویس الرحمان، قندیل عالم اور شکیب شاہد نے تقریب کو کامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔

کمیونٹی تنظیم کے قیام کے بعد، عیسٰی نگری نے مثبت تبدیلی کی راہ پر قدم رکھا ہے۔ اتحاد، بین المذاہب تعاون، اور کمیونٹی کے مسائل حل کرنے کی طاقت کے ذریعے، عیسٰی نگری کا مستقبل روشن نظر آتا ہے۔ یہ ایک ایسا سنگ میل ہے جس سے پائیدار تبدیلیوں کی شروعات ہوتی ہے، جہاں لوگوں کی طاقت ایک روشن کل کے مشترکہ خواب کو حقیقت بنانے میں مدد کرے گی۔

Mehr Asif

Chief Editor Contact :03315456655 03005441090

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

I am Watching You